ایرانی وزیر خارجہ ماسکو پہنچ گئے، روسی صدر سے ملاقات کریں گے
ایران کی جوہری تنصیاب پر امریکی حملوں کے بعد وزیر خارجہ عباس عراقچی مشاورت کے لیے ماسکو پہنچ گئے جہاں وہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچ گئے، جہاں وہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی ماسکو میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن سمیت اعلیٰ حکام سے اہم ملاقات کریں گے جس پر ایران-اسرائیل جنگ پر مشاورت کی جائے گی۔
اس سے قبل، روس کی وزارتِ خارجہ نے امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ایک ’غیر ذمہ دارانہ فیصلہ‘ قرار دیا تھا۔
روسی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ حملے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جب کہ ہم جارحیت کے خاتمے اور سیاسی و سفارتی عمل کی بحالی کے لیے کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی حملے ’خطرناک کشیدگی کے ایک نئے دور کا آغاز‘ ہیں جو خطے کی سلامتی کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی تیزی سے بڑھ رہی ہے، اور خطے میں ایک وسیع تر تنازع کے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔