جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کے حملے، تہران میں 2 دھماکے سنے گئے
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران میں 2 دھماکے سنے گئے ہیں، اطلاعات ہیں کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے ریڈار سسٹم کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔
ایرانی ٹی وی چینل ’پریس ٹی وی‘ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے باوجود ایران میں کئی مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل امریکی صدر ایران اور اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور ایران، دونوں کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا, اور اسرائیل پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے معاہدے پر رضامندی ظاہر کرنے کے فوراً بعد بمباری شروع کر دی، اسرائیل اپنے پائلٹس کو واپس بلائے، ایران پر بمباری کی گئی تو یہ جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی ہوگی۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اور ایران دونوں نے اس جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جس کا انہوں نے چند گھنٹے قبل ہی اعلان کیا تھا۔
رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک بالخصوص اسرائیل پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔
نیٹو سربراہی اجلاس کے لیے دی ہیگ روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’اسرائیل نے معاہدے پر رضامندی ظاہر کرنے کے فوراً بعد بمباری شروع کر دی‘۔