• KHI: Partly Cloudy 16.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14°C

اسرائیلی فوج نے مزید 52 فلسطینیوں کو شہید کردیا، نیتن یاہو7 جولائی کو وائٹ ہاؤس جائیں گے

شائع July 1, 2025

غزہ میں جنگ بندی کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باوجود اسرائیلی فوج نے پیر کو مزید 51 فلسطینیوں کو شہید کردیا، دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم 7 جولائی کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے ۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق غزہ میں شہری دفاع کے ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج نے پیر کو کم از کم 51 فلسطینیوں کو شہید کر دیا، جن میں 24 افراد غزہ شہر کے سمندر کنارے ایک تفریحی مقام پر حملے میں مارے گئے۔

شہری دفاع کے مطابق غزہ کے ساحلی علاقے میں واقع ایک ریسٹ ایریا پر اسرائیلی حملے میں 24 افراد شہید ہوئے جبکہ مجموعی طور پر دن بھر کے حملوں میں شہادتوں کی تعداد 51 تک جا پہنچی۔

26 سالہ عینی شاہد احمد النیراب نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’میں نے لاشوں کے ٹکڑے ہوا میں اڑتے دیکھے، جسم کٹے اور جھلسے ہوئے تھے, یہ ایک ایسا منظر تھا جس سے روح کانپ جائے‘، انہوں نے کہا کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ پورا علاقہ لرز اٹھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جگہ ہمیشہ لوگوں سے بھری رہتی ہے، کیونکہ وہاں مشروبات، خاندانی بیٹھک اور انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہوتی ہے۔

ایک اور عینی شاہد 35 سالہ بلال اوکل نے بتایا کہ ’زمین خون سے تر تھی اور ہر طرف چیخ و پکار تھی‘، انہوں نے کہا کہ ’خواتین اور بچے ہر جگہ بکھرے پڑے تھے، جیسے کسی قیامت خیز فلم کا منظر ہو‘۔

اے ایف پی نے جب اسرائیلی فوج سے اس واقعے پر ردعمل طلب کیا تو فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں۔

دریں اثنا، اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو 7 جولائی کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے، فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکا غزہ میں جنگ بندی کے لیے دباؤ میں شدت لا رہا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کے ایک اہلکار نے اے ایف پی کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نیتن یاہو کے دورے کی تصدیق کی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے اس سے قبل صحافیوں کو بتایا کہ نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی اور دونوں فریق ملاقات کی تاریخ طے کرنے پر کام کر رہے ہیں۔

کیرولین لیوٹ نے کہا کہ ’یہ جنگ صدر کے لیے شروع سے ہی ایک ترجیح رہی ہے، وہ غزہ میں جاری اس ہولناک جنگ کو ختم کرنا چاہتے ہیں‘، انہوں نے مزید کہا کہ ’اس جنگ کے دوران اسرائیل اور غزہ دونوں سے سامنے آنے والی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں، اور صدر چاہتے ہیں کہ یہ سب ختم ہو‘۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کے مطابق اسرائیلی وزیر برائے اسٹریٹجک امور رون ڈرمر رواں ہفتے وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے، تاکہ نیتن یاہو کے دورے کے لیے تیاری کی جا سکے۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025