’کیک پر نام اور پھر رازداری کی فرمائش‘، چھیپا ویلفیئر کی ویڈیو پر صارفین کا دلچسپ ردعمل

شائع July 2, 2025
—اسکرین گریب
—اسکرین گریب

چھیپا ویلفیئر کی جانب سے جاری کردہ حالیہ ویڈیو میں بانی رمضان چھیپا کی نیکی چُھپا کر کرنے کی خواہش نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔

چھیپا ویلفیئر ایسوسی ایشن نے حال ہی میں اپنے بانی رمضان چھیپا کی ایک ویڈیو شیئر کی۔

ویڈیو میں رمضان چھیپا کو ایک دکاندار سے کیک خریدتے ہوئے دکھایا گیا ہے، اسی دوران ایک بچہ اپنے والد کے ہمراہ سالگرہ کا کیک لینے آتا ہے، بچے کو ایک مہنگا کیک پسند آ جاتا ہے، لیکن چونکہ والد کے پاس اتنی رقم نہیں ہوتی، وہ اسے سستا کیک خریدنے کا مشورہ دیتا ہے۔

رمضان چھیپا ان کی گفتگو سن کر دکاندار سے کہتے ہیں کہ براہِ کرم بچے کو وہی کیک دے دیجیے جو وہ چاہتا ہے، اس کی باقی قیمت وہ ادا کردیں گے، کیک پر یہ بھی لکھ دیجیے گا کہ یہ چھیپا صاحب کی طرف سے سالگرہ کا تحفہ ہے۔

اس کے بعد وہ مزید کہتے ہیں کہ لیکن انہیں میرے بارے میں ہرگز نہیں بتائیے گا۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، تاہم نیکی کے اس عمل کی بجائے ویڈیو کی پیشکش میں موجود تضاد نے زیادہ توجہ حاصل کی۔

ویڈیو پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ چھیپا صاحب، آپ خود کہہ رہے ہیں کہ کیک پر آپ کا نام لکھا جائے اور ساتھ ہی یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ یہ نہ بتائیں کہ آپ نے بھیجا ہے، واقعی؟

کچھ صارفین کا یہ بھی خیال ہے کہ یہ ویڈیو کسی سوشل میڈیا انفلوئنسر کی لگتی ہے۔

ایک اور صارف نے مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ چھیپا صاحب، باہر کا ویزہ لگوا دیں اور یقین مانیں، میں کسی کو نہیں بتاؤں گی کہ ویزہ آپ نے لگوایا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 جولائی 2025
کارٹون : 17 جولائی 2025