• KHI: Partly Cloudy 25.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 25.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.6°C

غزہ میں اسرائیلی درندگی میں امداد کے متلاشی 6 افراد سمیت مزید 23 فلسطینی شہید

شائع July 3, 2025
صرف ایک ماہ میں جی ایچ ایف کے امدادی مراکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے 600 فلسطینی جاں بحق اور 4200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں — فوٹو: رائٹرز
صرف ایک ماہ میں جی ایچ ایف کے امدادی مراکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے 600 فلسطینی جاں بحق اور 4200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں — فوٹو: رائٹرز

غزہ میں اسرائیلی درندگی میں امداد کے متلاشی 6 افراد سمیت مزید 23 فلسطینی شہید ہوگئے۔

ترک خبر رساں ایجنسی ’انادولو‘ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ غزہ میں فجر کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 23 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 6 امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایک اسرائیلی فضائیہ نے بے گھر فلسطینیوں کی رہائش کے لیے استعمال ہونے والے ایک اسکول کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

سول ڈیفنس کے اہلکار محمد المغیر نے بتایا کہ ’مصطفیٰ حافظ اسکول میں واقع بے گھر افراد کی پناہ گاہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں 12 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، شہدا میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے، یہ واقعہ مغربی غزہ سٹی کے الرِمال محلے میں پیش آیا۔‘

’امی! میں نہیں مروں گا، کچھ امداد لے کر آؤں گا‘

الجزیرہ کے مطابق جنوبی غزہ کے نصر ہسپتال کے صحن میں اپنے بیٹے احمد کی گولیوں سے چھلنی لاش دیکھ کر اسمہان شعت زمین پر گر پڑیں، غم نے انہیں بے حال کر دیا، ان کی چیخیں فضا میں گونجنے لگیں اور آواز صدمے اور کرب سے رندھ گئی۔

وہ روتے ہوئے 23 سالہ بیٹے کے چہرے، ہاتھوں اور پاؤں کو چومتی رہیں، ان کے 6 دیگر بچے اور رشتہ دار انہیں روکنے کی کوشش کرتے رہے، مگر وہ سب کو پیچھے دھکیلتی رہیں۔

وہ پکارتی رہیں کہ ’مجھے اس کے ساتھ رہنے دو، مجھے اس کے ساتھ رہنے دو، احمد دوبارہ بولے گا، اس نے کہا تھا کہ امی، میں نہیں مروں گا، رفح کے امدادی مرکز سے آپ کے لیے کچھ لے کر آؤں گا‘۔

احمد جمعرات کی صبح سویرے ہی المواسی میں واقع بے گھر خاندان کے شیلٹر سے کھانے پینے کا سامان لینے نکلا تھا، مگر وہ کبھی واپس نہ آیا۔

احمد کے کزن مازن شعت اس کے ساتھ موجود تھے، مازن کے مطابق احمد کو اُس وقت پیٹ میں گولی لگی جب اسرائیلی فوج نے رفح میں امریکا کی حمایت یافتہ غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن (جی ایچ ایف) کے امدادی مرکز کے قریب ہجوم پر فائرنگ کی، اس واقعے میں دیگر افراد بھی جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق صرف ایک ماہ میں جی ایچ ایف کے امدادی مراکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے 600 فلسطینی جاں بحق اور 4200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں اور ان مراکز پر اموات کی تعداد تقریباً روزانہ بڑھ رہی ہے، امریکا کی جانب سے اقوام متحدہ کے اداروں کو نظرانداز کرکے بنائی گئی تنظیم کے مراکز اب موت کے پھندے بن چکے ہیں۔

دریں اثنا، اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ کے باوجود حماس کو مکمل طور پر ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

نیتن یاہو نے غزہ کی شمالی سرحد کے قریب شہر اشکیلون میں ایک پائپ لائن تنصیب کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اپنے تمام یرغمالیوں کو آزاد کرائیں گے اور ہم حماس کو ختم کر دیں گے، یہ تنظیم مزید باقی نہیں رہے گی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے‘۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025