حسین ترین کی جانب سے نکاح کی تقریبات میں بھاری رقم خرچ کیے جانے کا انکشاف
گزشتہ ماہ جون کے اختتام پر نکاح کے بندھن میں بندھنے والے سوشل میڈیا اسٹارز اور کانٹینٹ کریئیٹرز ربیکا خان اور حسین ترین کی جانب سے نکاح کی تقریبات کے دوران خطیر رقم خرچ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
دونوں نے جون کے اختتامی عشرے پر اپنی مایوں اور ڈھولکی سمیت نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں۔
ربیکا خان اور حسین ترین کے نکاح سمیت دیگر تقریبات کی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں، جس کے بعد اب حسین ترین نے اپنے نئے ولاگ میں اپنے نکاح کی تقریبات سے متعلق حیران کن دعویٰ کردیا۔
حسین ترین نے نکاح کے بعد جاری کیے گئے نئے ولاگ میں بتایا کہ انہوں نے تقریبات کے دوران خوبصورتی بڑھانے کے لیے کوئی زیادہ پروسیجرز اور میک اپ نہیں کروائے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے آنکھوں میں لینسز بھی نہیں لگائے تھے، انہوں نے اپنی آنکھیں دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی قدرتی خوبصورتی ہے۔
ولاگ کے دوران حسین ترین نے یہ شکوہ بھی کیا کہ لوگوں نے انہیں ان کے میک اپ، لینسز اور دیگر چھوٹی چھوٹی باتوں پر تنقید کا نشانہ بنایا، جس پر انہیں دکھ ہوا۔
اسی دوران انہوں نے کہا کہ جو لوگ ان پر دو ہزار روپے کے لینسز لگانے پر تنقید کر رہے ہیں، انہیں تقریبات کے دوران ڈیڑھ کروڑ روپے کے اخراجات نظر نہیں آ رہے۔
حسین ترین کے مطابق انہوں نے ڈیڑھ کروڑ روپے خرچ کیے لیکن اس باوجود لوگوں کو ان کے دو ہزار روپے کے لینسز ہضم نہیں ہو رہے۔
انہوں نے ولاگ میں لوگوں کو اپیل کی کہ اب انہیں ٹرول کرنا چھوڑ دیا جائے، وہ شریف اور اچھے بندے ہیں، انہیں اپنی مرضی سے زندگی گزارنے دی جائے۔