فضا علی کی بات کا برا لگا نہ ان سے ناراض ہوں، سہیل وڑائچ

شائع July 3, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ٹی وی میزبان و صحافی سہیل وڑائچ نے واضح کیا ہے کہ وہ ٹی وی میزبان و اداکارہ فضا علی کی بات سے ناراض ہیں نہ انہیں ان کی بات کا برا لگا۔

گزشتہ ماہ جون میں عید الاضحیٰ کے موقع پر نشر ہونے والی ایک ٹی وی ٹاک شو میں فضا علی نے سہیل وڑائچ کا متبادل پیشہ بیان کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر وہ صحافی نہ ہوتے تو کسی بھی بیرون ملک کے بڑے ریسٹورنٹ کے واش روم سوئیپر ہوتے۔

فضا علی نے پروگرام میں سہیل وڑائچ سے پہلے معذرت کی تھی اور پھر کہا تھا کہ اگر وہ صحافی نہ ہوتے تو واش روم سوئیپر ہوتے، کیوں کہ وہ اب تک درجنوں خواتین کے واش رومز میں جا چکے ہیں، ان کے واش رومز میں انٹرویوز کر چکے ہیں۔

فضا علی کی مذکورہ بات پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا لیکن اب سہیل وڑائچ نے بھی اسی معاملے پر کھل کر بات کی ہے۔

سہیل وڑائچ نے ’جی ٹی وی‘ کو دیے گئے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ انہوں نے صحافت بھی کی ہے اور دونوں اچھے دوست رہے ہیں لیکن اب ان کے درمیان دوستی نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی چوں کہ بڑے عہدے پر فائز ہوچکے ہیں اور ان کے پاس طاقت و اختیارات آگئے ہیں تو اب وہ ان کے مشورے بھی نہیں مانتے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ انہیں صبا قمر کی جانب سے ان کے ڈمی اینکر سے بنائی گئی ویڈیوز پر بھی برا نہیں لگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی نقل کرنے والے افراد بڑی محنت کرکے ان کی نقل اتارتے ہیں، ان پر ناراض ہونے کے بجائے انہیں ان کی محنت پر داد دی جانی چاہیے۔

سہیل وڑائچ کے مطابق وہ خود پر بنی میمز دیکھ کر بھی محظوظ ہوتے رہتے ہیں، انہیں کسی بھی میمز پر برا نہیں لگتا۔

اسی دوران انہوں نے واضح کیا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹی وی پروگرام کے دوران فضا علی کی جانب سے کی گئی بات پر انہیں برا نہیں لگا، نہ وہ اداکارہ سے ناراض ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر کسی کی اپنی ذائی رائے ہوتی ہے، جیسے اگر وہ خود کسی پر تنقید کریں گے تو ان کی مرضی ہوگی، اسی طرح فضا علی کی بھی اپنی رائے اور مرضی تھی، ان کی بات پر انہیں برا نہیں لگا۔

سہیل وڑائچ نے کہا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ فضا علی کا انٹرویو ضرور کریں گے، ان سے معافی مانگیں گے، ان کی منت سماجت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ان سے کوئی غلطی ہوگئی ہے تو وہ فضا علی سے معافی مانگیں گے جب کہ انہیں اداکارہ کی کسی بات پر غصہ نہیں آیا۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025