شیفالی جریوالا کی موت کے بعد ’کانٹا لگا‘ کا ریمیکس نہ بنانے کا اعلان

شائع July 4, 2025
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

دو دہائیاں قبل ریلیز کیے گئے بھارتی گانے ’کانٹا لگا‘ کے ہدایت کاروں نے اداکارہ شیفالی جریوالا کی موت کے بعد زندگی پر گانے کا ریمیکس نہ بنانے کا اعلان کردیا۔

’کانٹا لگا‘ کو 2002 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس میں شیفالی جریوالا نے جلوے بکھیرے تھے، انہیں خوبرو دوشیزہ کے روپ میں دکھایا گیا تھا۔

گانے میں شیفالی جریوالا کی پرفارمنس اتنی پسند کی گئی کہ ان پر ’کانٹا لگا‘ گرل کا نام پڑ گیا اور انہیں شوبز انڈسٹری میں منفرد مقام بھی ملا۔

گزشتہ ماہ 27 جون کو شیفالی جریوالا کی موت کے بعد اب مذکورہ گانے کے ہدایت کاروں نے گانے کا ریمیکس عمر بھر نہ بنانے کا اعلان کردیا۔

ویب سائٹ ’فری پریس جرنل‘ کے مطابق ’کانٹا لگا‘ کی ہدایت کار جوڑی رادھیکا راؤ اور ونے ساپرو نے شیفالی جریوالا کی موت کے بعد ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے کے بعد گانے کا ریمیکس نہ بنانے کا اعلان کیا۔

ہدایت کار جوڑی نے انسٹاگرام پوسٹ میں شیفالی جریوالا کا ’کانٹا لگا‘ کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے گانے کا ریمیکس نہ بنانے کا اعلان کیا۔

دونوں ہدایت کاروں نے مشترکہ آفیشل انسٹاگرام پیج کی پوسٹ میں لکھا کہ شیفالی جریوالا کی خواہش تھی اور وہ کہتی رہتی تھیں کہ کوئی اور ’کانٹا لگا‘ گرل نہ بنے، اس لیے اب مذکورہ گانے کا ریمیکس نہیں بنایا جائے گا۔

انہوں نے لکھا کہ ’کانٹا لگا‘ گرل ایک ہی تھی، ایک ہی رہے گی، شیفالی جریوالا ہی ’کانٹا لگا‘ گرل ہیں۔

دونوں ہدایت کاروں کے اعلان پر سوشل میڈیا صارفین نے اظہار اطمیمان کرتے ہوئے ان کے فیصلے کی تعریفیں کیں۔

خیال رہے کہ شیفالی جریوالا گزشتہ ماہ 27 جون کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئی تھیں اور تاحال ان کی اختتامی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے نہیں آ سکی۔

ڈاکٹرز کے ابتدائی معائنوں اور پولیس کی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ شیفالی جریوالا کی موت کسی جرم کا نتیجہ نہیں، ممکنہ طور پر ادویات کے منفی اثر کی وجہ سے ان کی حرکت قلب بند ہوئی ہوگی، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

کارٹون

کارٹون : 18 جولائی 2025
کارٹون : 17 جولائی 2025