آزاد کشمیر میں خوفناک حادثہ: ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

شائع July 4, 2025
—  فوٹو: ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی
— فوٹو: ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی

آزاد جموں و کشمیر میں کار سڑک سے پھسل کر سیکڑوں فٹ گہرائی میں گرنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

حکام نے بتایا کہ یہ ہولناک حادثہ مظفرآباد سے تقریباً 50 کلومیٹر شمال مشرق میں چلیانہ گاؤں کے قریب نیلم ویلی روڈ پر پیش آیا، جہاں ایک کار سڑک سے سیکڑوں فٹ نیچے دریائے نیلم کے دائیں کنارے سے جا ٹکرائی۔

چلیانہ، دریائے نیلم کے کنارے پر واقع ہے اور اس کے بالکل سامنے دریا کے پار ہندوستان کے زیر انتظام گاؤں ٹیٹوال واقع ہے، یہ وہ مقام ہے جو 2019 میں سرگرمیاں رکنے سے پہلے لائن آف کنٹرول (ایل او سی ) کراسنگ کے تحت پیدل سفر کے لیے استعمال ہوتا تھا۔

نیلم ویلی کے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر (ڈی ڈی ایم او ) اختر ایوب نے بتایا کہ’ جمعہ کی نماز کے فوراً بعد رجسٹریشن نمبر B-3725 والی ایک گاڑی چلیانہ کے قریب ایک خطرناک موڑ پر ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر پہاڑی ڈھلوان سے نیچے لڑھک گئی اور سیکڑوں فٹ گہرائی میں دریا کے کنارے پر جا کر رک گئی، ورنہ یہ تیز بہاؤ میں بہہ جاتی۔’

انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایک ایمرجنسی یونٹ کو فوری طور پر ضلع صدر مقام اٹھمقام سے روانہ کیا گیا، انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس اہلکار، فوجی دستے اور بڑی تعداد میں مقامی باشندے بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی میں حصہ لیا۔

آپریشن کے دوران پانچ خواتین اور ایک مرد کی لاشیں نکالی گئیں اور ریسکیو 1122 کے ذریعے لاشوں کو نوسیری میں ایک قریبی فوجی یونٹ منتقل کیا گیا، جہاں ان کی شناخت کے بعد انہیں سوگوار خاندان کے حوالے کر دیا گیا۔

اختر ایوب کے مطابق، جاں بحق ہونے والے افراد مظفرآباد کے نواحی گاؤں بوتھا ٹنڈا کے رہائشی تھے اور نیلم ویلی کے قصبے جورا میں رشتہ داروں سے ملنے جا رہے تھے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 65 سالہ امیر خان ولد محمد یاسین، ان کی اہلیہ 50 سالہ گلشن بی بی، ان کی بیٹیاں 23 سالہ نائمہ اور 21 سالہ مشال اور ان کی بہوئیں 27 سالہ سندس اور 27 سالہ حلیمہ بشیر کے ناموں سے ہوئی۔

دریں اثنا، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق، قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر، وزیر قانون میاں عبدالوحید اور مسلم لیگ (ن) کے علاقائی صدر شاہ غلام قادر، جو نیلم ویلی کے دو حلقوں کی نمائندگی کرتے ہیں، نے جانوں کے اس المناک نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

اپنی تعزیتی پیغامات میں، انہوں نے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور گاڑی چلانے والوں پر زور دیا کہ وہ علاقے کی پہاڑی سڑکوں پر گاڑی چلاتے ہوئے انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025