نادیہ خان کا تنقید کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان
اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان نے دھمکی دی ہے کہ اگر کسی بھی اداکار، پوڈکاسٹر، یوٹیوبر اور ٹی وی میزبان نے ان پر ذاتی تنقید کی تو وہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گی۔
نادیہ خان نے حال ہی میں جاری کردہ اپنی مختصر ویڈیو میں خود پر کی جانے والی بلا جواز تنقید پر بھی بات کی اور کسی کا نام لیے بغیر تنقید کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا۔
نادیہ خان کا کہنا تھا کہ وہ تمام پوڈکاسٹر، یوٹیوبرز اور ٹی وی میزبان جو ان پر بلاجواز ذاتی تنقید کرتے ہیں، وہ انہیں آخری بار پیغام دے رہی ہیں، اگر دوبارہ انہوں نے ان پر تنقید کی تو وہ تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ نہ صرف یوٹیوبرز اور پوڈکاسٹرز بلکہ ان اداکاروں اور آرٹسٹوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کریں گی جو بلا جواز ان پر تنقید کرتے ہیں۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر سب کو کہا کہ تمام افراد سمجھ جائیں، انہیں بدنام کرنا بند کریں، دوسری صورت میں ان پر تنقید کرنے والوں کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے گالیاں تو ملتی ہی ہیں بلکہ اب وہ ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی کریں گی۔
نادیہ خان نے واضح کیا کہ وہ تنقید کرنے والوں کے خلاف فوجداری اور سول مقدمات سمیت پیکا ایکٹ کے خلاف بھی مقدمات دائر کریں گی اور تمام افراد کو سالوں تک بار بار عدالت کے چکر لگانے پڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت ہوچکا، اب وہ تنقید کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیاں کریں گی، جس سے تنقید کرنے والے عدالتوں میں ذلیل ہوں گے، ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بند ہوجائیں گے۔
انہوں نے پوڈکاسٹرز، یوٹیوبرز اور اداکاروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام افراد کو آخری وارننگ دے رہی ہیں، وہ سب سمجھ جائیں، ان کا نام لے کر پوڈکاسٹس نہ کریں، ان پر تنقید نہ کریں، دوسری صورت میں مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اگرچہ نادیہ خان نے پوڈکاسٹرز، یوٹیوبرز اور اداکاروں کو دھمکی دی، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا اور کہا کہ اب اگر کسی نے ان کا نام لے کر ان کے خلاف بات کی تو وہ اس شخص پر مقدمہ دائر کردیں گی۔