عالمی امن کانفرنس کا انعقاد بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کیلئے پاکستان کے عزم کا مظہر ہے، چیئرمین سینیٹ

شائع July 5, 2025
— فائل فوٹو: بشکریہ فیس بک
— فائل فوٹو: بشکریہ فیس بک

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ امن کے لیے انصاف، مکالمہ اور انسانی وقار کو ترجیح دے، عالمی امن کانفرنس کا انعقاد بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے لیے پاکستان کے عزم کا مظہر ہے۔

سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے وینس میں منعقدہ بین الاقوامی امن کانفرنس بعنوان ’آج کے عالمی امن کو درپیش چیلنجز‘ کے حوالے سے انتہائی اہم خطاب کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اہم عالمی کانفرنس میں یورپ اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے ممتاز مذہبی، سیاسی اور علمی رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں وینس، تریویزو، وِچنزا اور پیاچنزا کے آرچ بشپ، ارکانِ پارلیمنٹ، سول اتھارٹیز اور عالمی امن کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے نمائندگان شامل تھے۔

یہ کانفرنس معروف امن علمبردار ڈاکٹر پال بھٹی کی زیرِ قیادت منعقد کی گئی، جس کا مقصد دنیا میں بڑھتے ہوئے تنازعات، ناانصافی اور عدم برداشت کے ماحول میں مکالمے اور اجتماعی جدوجہد کو فروغ دینا تھا۔

خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے سابق وفاقی وزیر برائے اقلیتی امور شہباز بھٹی شہید کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی برادری کے لیے جرات اور قربانی کی علامت تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’شہباز بھٹی کا سانحہ صرف پاکستان ہی نہیں، پوری دنیا کے امن پسند معاشرے کے لیے ایک المیہ تھا۔‘

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے تاریخی کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت ہمیشہ انصاف، برابری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی علمبردار رہی ہے، عالمی تناظر پر بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا اور مشرقی یورپ میں جاری کشیدگیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور زور دیا کہ پائیدار امن کے لیے عالمی برادری کو انصاف، مکالمے اور انسانی وقار کو بنیاد بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امن صرف جنگ کے نہ ہونے کا نام نہیں، بلکہ یہ انصاف کی موجودگی اور تنوع کا احترام ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی رہنماؤں، اداروں اور اقوام سے پرزور اپیل کی یہ اجلاس وینس میں ایک عام کانفرنس نہ سمجھی جائے بلکہ اسے ایک اجتماعی عہد تصور کیا جائے، ایسا عہد جو قیادت، عمل اور امن کے تحفظ کو ایک ضرورت کے طور پر تسلیم کرے۔ یہ کانفرنس عالمی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی اور قیام امن کے لیے پاکستان کے مستقل عزم کا ایک اہم مظہر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 جولائی 2025
کارٹون : 17 جولائی 2025