بنوں میں جرگے پر مسلح افراد کا حملہ، ایک شخص جاں بحق، 3 زخمی

شائع July 5, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں ایک جرگے پر مسلح حملہ آوروں کے حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

بنوں پولیس کے ترجمان کاشف نواز نے ڈان ڈیجیٹل کو بتایا کہ سردی خیل برادری کی جانب سے منڈی خیل کے علاقے میں منعقد کردہ ایک جرگے پر عسکریت پسندوں نے حملہ کیا اور رہنما ملک عید نواز سردی خیل کو اغوا کرنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں جرگے کے شرکا کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افراد نے شرکا پر فائرنگ کر دی، جس سے ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل سمیت تین دیگر افراد زخمی ہوئے۔

کاشف نواز نے مزید بتایا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کیا گیا، مزید کہنا تھا کہ پولیس کی ایک پارٹی جائے وقوعہ پر گئی تاکہ علاقے میں امن برقرار اور دہشت گردوں کو تلاش کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے نومبر 2022 میں حکومت کے ساتھ جنگ ​​بندی ختم کرنے کے بعد سے پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

بنوں میں گزشتہ کئی مہینوں کے دوران عسکریت پسندوں کی جانب سے متعدد حملے کیے گ۴ے ہیں۔

مارچ میں سیکیورٹی فورسز نے بنوں چھاؤنی پر فتنۃ الخوارج کا حملہ ناکام بناتے ہوئے تمام 16دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا، جبکہ جھڑپ میں 5 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، حملے میں 13 معصوم شہری شہید اور 32 زخمی بھی ہوئے تھے۔

گزشتہ سال جولائی میں بنوں چھاؤنی کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 8 اہلکار شہید ہوئے تھے جبکہ جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق متعدد حملوں کے باوجود ملک میں جون کے دوران عسکریت پسندوں کے حملوں میں مجموعی طور پر کمی دیکھی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 17 جولائی 2025
کارٹون : 16 جولائی 2025