بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ سیریز 2026 تک ملتوی کر دی گئی
بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان اگلے ماہ ہونے والی 6 میچوں پر مشتمل وائٹ بال سیریز 2026 تک ملتوی کر دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ سیریز 17 اگست سے ڈھاکا میں شروع ہونی تھی، جس میں تین ایک روزہ اور تین ٹی 20 میچز شامل تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ایک عوامی بغاوت کے نتیجے میں سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان سیاسی تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے باہمی رضامندی سے اس سیریز کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ دونوں ٹیموں کی عالمی کرکٹ مصروفیات اور شیڈول کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
اس میں مزید کہا گیا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ستمبر 2026 میں بھارت کی میزبانی کے لیے پُر امید ہے، جبکہ میچز کے حتمی شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ڈھاکا میں سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، جو اگست 2024 میں ایک طلبہ کی قیادت میں ہونے والی بغاوت کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے نئی دہلی چلی گئی تھیں۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق گزشتہ سال جولائی سے اگست کے درمیان شیخ حسینہ واجد کی حکومت کی جانب سے مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کے نتیجے میں تقریباً ایک ہزار 400 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں عام انتخابات کا انعقاد 2026 کے اوائل میں متوقع ہے۔