اسپین: مسافر طیارے میں اچانک آگ لگنے کا الارم بج اُٹھا، ہنگامی اخراج کے دوران 18 افراد زخمی

شائع July 5, 2025
— فوٹو: ڈیلی ڈیزلنگ ڈان
— فوٹو: ڈیلی ڈیزلنگ ڈان

اسپین میں مسافر طیارے میں اچانک آگ لگنے کا الارم بج اٹھا، جس سے مانچسٹر جانے والی پرواز میں افراتفری پھیل گئی، کئی مسافروں نے طیارے سے نکلنے کیلئے چھلانگ لگانے سے زخمی ہوگئے، تاہم بعد میں الارم کے غلطی سے بجنے کی تصدیق کر دی گئی۔

اسکاٹش اخبار دی ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق مسافر طیارے میں آگ لگنے کے الارم بجنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریان ائیر کا طیارہ پالما سے مانچسٹر کے لیے اڑان بھرنے کے لیے رن وے پر موجود تھا۔

رپورٹ کے مطابق مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 36 منٹ پر ایمرجنسی سروسز کو رن وے پر موجود طیارے میں آگ لگنے کی اطلاع ملی، طیارے میں آگ لگنے کا الارم بجتے ہی اس میں موجود مسافروں نے جان بچانے کے لیے باہر نکلنے کی کوشش کی، اس دوران کچھ مسافر ایمرجنسی ایگزٹ کے ذریعے باہر نکلے اور براہ راست طیارے کے پروں سے چھلانگ لگا دی جس سے کچھ مسافروں کو چوٹیں بھی آئیں۔

مجموعی طور پر طیارے سے چھلانگ لگانے، ایمرجنسی سلائیڈرز سے باہر نکلنے اور افراتفری کے باعث 18 افراد زخمی ہوئے، جنہیں ایمرجنسی عملے نے موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی جبکہ 6 زخمی افراد کو مزید معائنے کے لیے مقامی ہسپتالوں میں بھی منتقل کیا گیا۔

ریان ایئر کے ترجمان نے دی ہیرالڈ کو بتایا کہ پالما سے مانچسٹر جانے والی پرواز کو آگ سے متعلق غلط الارم بجنے کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا، طیارے میں موجود مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے باہر نکال کر ٹرمینل میں منتقل کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ طیارہ خالی کرتے وقت کچھ مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں (جیسے کہ ٹخنے مڑ جانا)، جس پر عملے نے فوری طبی امداد کی درخواست کی۔

مسافروں کی سہولت کے لیے ہم نے متبادل طیارے کا بندوبست کر کے مسافروں کو ان کی منزل مقصود کے لیے روانہ کر دیا ہے، متاثرہ مسافروں سے پریشانی کے لیے معذرت خواہ ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 جولائی 2025
کارٹون : 16 جولائی 2025