جڑواں شہروں، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش، گھر کی چھت گرنے سے بچہ جاں بحق
جڑواں شہروں، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بادل جم کر برسے، بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، راولپنڈی میں بارش سے گھر کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش سے گرمی کی شدت کم ہوگئی، راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں شدیدبارش سے گھر کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر ایک بچہ جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے، چھت گرنےکاواقعہ چاہت محلےمیں پیش آیا، لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسلام آباد میں سب سے زیادہ بارش سیدپور میں 131 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، پی ایم ڈی میں 81، گولڑہ میں 32 اور بوکرہ میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، راولپنڈی کے علاقوں شمس آباد میں 34، کچہری میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
نالہ لئی میں کٹاریاں پرپانی کی سطح 14 اور گوالمنڈی میں ساڑھے 12 فٹ تک بلند ہے۔
حکام کے مطابق کٹاریاں پرپانی کی سطح 15.7، گوالمنڈی میں 14.1 فٹ تک بلند ہونے پر الرٹ جاری ہوگا۔
ادھر لاہور میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، سب سےزیادہ بارش پانی والا تالاب میں 74 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، لکشمی چوک میں 72، جیل روڈ پر 61 ملی میٹربارش ہوئی، قرطبہ چوک اور نشتر میں 53 ، گلبرگ اورفرخ آباد میں 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پشاور میں بارش سے حبس اور گرمی کی شدت میں کمی آگئی، موسم خوشگوار ہوگیا، ادھر چارسدہ میں بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کیساتھ موسلادھار بارش شروع ہوگئی۔
بلوچستان میں بارش سے نقصان
قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ میں تیز ہوائیں اور موسلا دھار بارشوں سے نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) قلعہ سیف اللہ سعید دمڑ کے مطابق ہفتے کی شام کو تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی تیز بارش 15 سے 20 منٹ تک جاری رہی، جس کے نتیجے میں پی اے ریسٹ ہاؤس کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث دکان کی چھتوں سے لوہے کی چادریں اور درخت جڑوں سے اکھڑگئے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد گھروں کی دیواریں اور چھت بھی گری ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا تھاکہ تیز ہواؤں کے باعث بجلی کے 11 ہزار لائن کے کھمبے گرنے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے، علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔