خیبرپختونخوا: مختلف اضلاع میں سیلاب سے 5 افراد جاں بحق، 1 زخمی

شائع July 6, 2025
— فوٹو: ریسکیو 1122
— فوٹو: ریسکیو 1122

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بونیر، مالاکنڈ اور مانسہرہ میں سیلاب کے باعث آج 5 افراد جاں بحق جب کہ 1 شخص زخمی ہو گیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 25 جون سے 6 جولائی کے درمیان خیبرپختونخوا میں بارشوں، اچانک آنے والے سیلاب، تیز ہواؤں اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں کم از کم 22 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور اس دوران 11 افراد زخمی بھی ہوئے۔

موسلادھار بارشوں اور اچانک آنے والے سیلابوں کے باعث صوبے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، دریائے سوات میں اچانک آنے والے سیلاب کے باعث 18 افراد پانی میں بہہ گئے تھے۔

پی ڈی ایم اے نے 4 جولائی کو خبردار کیا تھا کہ صوبے کے برفانی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں، جو ان علاقوں میں مزید سیلاب آنے کا سبب بن سکتے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اپنے تازہ بیان میں بتایا کہ 6 جولائی کو مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بونیر کے گاؤں تینولو ڈھیری میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا، بونیر میں ہی ایک اور واقعہ بھی پیش آیا جہاں فیض آباد خوڑ کے مقام پر عارضی پل کے پلرز سیلابی پانی میں بہہ گئے۔

مالاکنڈ میں شدید بارشوں کے باعث اچانک آنے والے سیلاب سے ہیرو شاہ یونین کونسل میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق ایک خاتون اور 2 بچے سیلابی پانی میں بہہ گئے جب کہ ایک خاتون اور ایک بچہ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔

ریسکیو 1122 نے خاتون کی لاش برآمد کر لی ہے جب کہ 2 لاپتہ بچوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

دوسری جانب، درگئی کے اسسٹنٹ کمشنر شہباز خان نے ڈان نیوز کو بتایا ہے کہ ایک خاتون اور اس کا نواسہ زور منڈی نالے کو عبور کرتے ہوئے ڈوب گئے ، ڈوبنے والی خاتون اور اس کے نواسے کی لاشیں نکال کر درگئی اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

درگئی کے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وحید اللہ نے ڈان نیوز کو بتایا کہ کوٹ اور ہیرو شاہ درگئی کے پہاڑی علاقوں میں صبح کے وقت شدید بارش ہوئی، پہاڑوں سے نکلنے والے چھوٹے اور خشک نالوں میں اچانک سیلاب آیا، اس دوران 9 سالہ بچہ ان نالوں میں بہہ گیا، بچے کی 55 سالہ دادی نے اسے بچانے کی کوشش کی تاہم وہ بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔

ایڈیشنل اے سی وحید اللہ نے مزید بتایا کہ وہ خود بھی موقع پر موجود تھے اور لوگوں کو نالوں کے قریب جانے یا عبور کرنے سے روکنےکے لیے اعلانات اور لیویز اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مانسہرہ میں راولپنڈی سے تعلق رکھنے والا 18 سالہ نوجوان شدید بارش کے باعث آنے والے اچانک سیلاب میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، ریسکیو 1122 مانسہرہ کے ترجمان عامر خادم کے مطابق نوجوان موٹرسائیکل پر نالہ عبور کر نے کی کوشش کے دوران سیلابی ریلے میں بہہ گیا تھا۔

پی ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ شدید بارش کے باعث بونیر کے پنڈریکس یونین کونسل اور تورغر کے تھرالا علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، اور دونوں مقامات پر بھاری مشینری کی مدد سے سڑکوں کو کلیئر کروایا جا رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 جولائی 2025
کارٹون : 13 جولائی 2025