بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 336 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی
برمنگھم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے یکطرفہ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو بآسانی 336 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
بھارتی کپتان شبمن گل کی پہلی اننگز میں ڈبل سنچری اور دوسری اننگز میں سنچری کے ساتھ فاسٹ بولر آکاش دیپ کی میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹوں نے مہمان ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بلیو شرٹس نے587 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا، کپتان شبمن گل نے 269 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ راویندرا جڈیجا نے 89 اور یشسوی جیسوال نے 87 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اضافہ کیا۔
انگلینڈ کے شعیب بشیر 3، جوش ٹنگ اور کرس ووکس 2،2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
پہلی اننگز کے جواب میں انگلینڈ کے بلے باز ابتدا میں لڑکھڑا گئے تھے تاہم ہیری بروک اور جیمی اسمتھ کی عمدہ شراکت داری نے ٹیم کو حوصلہ فراہم کیا، جیمی اسمتھ 184 رنز بنا کر جب کہ ہیری بروک 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 407 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
بھارت کے فاسٹ بولر محمد سراج نے 6 اور آکاش دیپ نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
180 رنز کی بڑی لیڈ کے ساتھ بھارتی بلے بازوں کے بلے دوسری اننگز میں بھی رنز اگلتے رہے، کپتان شبمن گل نے 161 رنز بنا کر پھر سے اپنی صلاحیتوں کا کھل کا اظہار کیا، راویندرا جڈیجا 69، رشبھ پنتھ 65 اور کے ایل راہول 55 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 407 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کی اور انگلینڈ کو 608 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے شعیب بشیر اور جوش ٹنگ نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
ناقابل رسائی ہدف کے تعاقب میں انگلش بلے بازوں کے قدم ابتدا سے ہی ڈگمگا رہے تھے، انگلینڈ کی ابتدائی 5 وکٹیں صرف 83 کے مجموعے پر گر چکی تھیں، جیمی اسمتھ نے ایک بار پھر ٹیم کو بچانے کی کوشش کی تاہم وہ بھی 88 رنز بنا کر آکاش دیپ کا شکار ہوگئے اور انگلینڈ کی پوری ٹیم 271 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
بھارتی فاسٹ بولر آکاش دیپ 99 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
واضح رہے لیڈز میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 5 میچز پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ 10 جولائی سے لارڈز کے میدان میں کھیلا جائے گا۔