• KHI: Partly Cloudy 19°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.7°C
  • KHI: Partly Cloudy 19°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.7°C

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید 36 فلسطینی شہید، فرانسیسی صدر کا فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ

شائع July 9, 2025
آج علی الصبح سے جاری اسرائیلی حملوں میں 16 فلسطینی شہید ہوگئے — فوٹو: رائٹرز
آج علی الصبح سے جاری اسرائیلی حملوں میں 16 فلسطینی شہید ہوگئے — فوٹو: رائٹرز

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 6 بچوں سمیت مزید 36 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ فرانسیسی صدر نے برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب میں غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ فلسطینی علاقے میں رات گئے کیے گئے 2 اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 20 افراد شہید ہو گئے، جن میں 6 بچے بھی شامل ہیں۔

ایجنسی کے ترجمان محمود باصل نے فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ پہلا حملہ رات بارہ بجے کے فوراً بعد (پاکستانی وقت کے مطابق صبح 2 بجے) جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ایک خیمے پر کیا گیا جہاں بے گھر افراد مقیم تھے، جبکہ دوسرا حملہ کچھ ہی دیر بعد شمالی غزہ میں ایک اور کیمپ کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق آج علی الصبح سے جاری اسرائیلی حملوں میں 16 فلسطینی شہید ہوگئے، ان میں الشاطی پناہ گزین کیمپ پر حملے میں شہید ہونے والے 8 افراد، دیر البلح میں ایک گھر پر بمباری سے شہید ہونے والے 2 افراد اور خان یونس میں خیموں پر کیے گئے ڈرون حملے میں شہید ہونے والے 2 افراد شامل ہیں۔

ادھر، برطانیہ کے سرکاری دورے پر موجود فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے برطانوی پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اپنے خطاب میں ایمانوئل میکرون نے برطانیہ پر زور دیا کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے فرانس کے ساتھ مل کر کام کرے، انہوں نے کہا کہ یہی واحد راستہ ہے جو امن کی طرف لے جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ تباہ ہو چکا ہے اور مغربی کنارے کو روزانہ کی بنیاد پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، فلسطینی ریاست کے قیام کا امکان جتنا آج خطرے میں ہے، اس سے پہلے کبھی نہیں تھا، یہی وجہ ہے کہ دو ریاستی حل اور ریاستِ فلسطین کا اعتراف ہی پورے خطے میں امن اور استحکام قائم کرنے کا واحد راستہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025