• KHI: Partly Cloudy 16.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14°C
  • KHI: Partly Cloudy 16.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 12.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 14°C

غزہ میں بدترین اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 47 فلسطینی شہید

شائع July 14, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور صہیونی فورسز کے حملوں آج صبح سے اب تک مزید 47 فلسطینی شہید ہوگئے۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق میڈیکل ذرائع نے مقامی نمائندوں کو بتایا کہ صبح سویرے سے اب تک غزہ بھر میں حملوں کے نتیجے میں کم از کم 28 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق ان میں سے ان میں سے 27 افراد غزہ شہر اور شمالی اور جنوبی غزہ کی پٹی کے علاقوں میں شہید کیے گئے، ان میں سے کئی افراد کو امدادی مراکز کے قریب حملے کرکے شہید کیا گیا۔

پانی کے انتظار میں کھڑے بچوں سمیت 700 سے زائد افراد شہید

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ پانی کے لیے قطار میں کھڑے لوگوں پر حملوں میں مجموعی طور پر اب تک 700 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جسے انہوں نے ’پیاس کی منظم جنگ‘ قرار دیا ہے۔

سرکاری میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی فوج نے 112 تازہ پانی بھرنے کے مقامات کو نشانہ بنایا اور 720 پانی کے کنوؤں کو تباہ کر کے انہیں ناکارہ بنا دیا، جس کی وجہ سے 12 لاکھ 50 ہزار سے زائد لوگ صاف پانی سے محروم ہو گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ ہم اس نسل پرستانہ پالیسی کو جنیوا کنونشنز کے تحت مکمل جنگی جرم اور بین الاقوامی انسانی حقوق و انسانی ہمدردی کے قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہیں۔’

میڈیا آفس نے کہا کہ اسرائیل نے ماہانہ aik کروڑ 20 لاکھ لیٹر ایندھن کی آمد پر پابندی لگا رکھی ہے، جو کم از کم پانی کے کنوؤں، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس، کچرا اٹھانے والی گاڑیوں اور دیگر اہم سروسز کو چلانے کے لیے ضروری ہے۔

بیان کے مطابق اس پابندی نے ’ پانی اور نکاسی آب کے نظام کو تقریباً مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے اور اس کی وجہ سے خاص طور پر بچوں میں تیزی سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔’

9 مارچ کو اسرائیل نے وسطی غزہ کے دیر البلح علاقے میں آخری واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کو بجلی فراہم کرنے والی آخری لائن بھی منقطع کر دی تھی جس سے بڑی مقدار میں پینے کے پانی کی پیداوار رک گئی اور علاقے میں پانی کا بحران مزید شدید ہو گیا۔

شہادتیں 58 ہزار سے بڑھ گئیں

فلسطینی وزارتِ صحت نے گزشتہ روز ( اتوار کو) بتایا تھا کہ اسرائیل کی جنگ میں اب تک مجموعی طور پر تصدیق شدہ شہادتوں کی تعداد 58 ہزار 26 ہو گئی ہے۔

وزارت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اس جنگ میں شہید ہونے والوں میں سے نصف سے زائد خواتین اور بچے ہیں۔

وزارت صحت نے مزید کہا کہ کم از کم ایک لاکھ 38 ہزار 500 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025