انڈونیشن بچے کا ڈانس ورلڈ سینسیشن بن گیا

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

انڈونیشیا میں ہر سال ہونے والی ثقافتی کشتی ریس میں 11 سالہ بچے کی جانب سے کیا گیا ڈانس ورلڈ سینسیشن بن گیا، دنیا بھر کے ایتھلیٹس اور کھلاڑی بچے کے ڈانس اسٹیپس پر جھومنے لگے۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق پانچویں جماعت میں پڑھنے والے 11 سالہ بچے ریان ارکان دخا چند دن قبل انڈونیشیا میں ہونے والی روایتی اور ثقافتی کشتی ریس میں شریک ہوئے تھے۔

مذکورہ کشتی ریس انڈونیشیا میں کئی صدیوں سے ہوتی آ رہی، جس دوران لمبی کشتیوں کی دوڑ ہوتی ہے اور ہر کشتی پر متعدد کھلاڑی سوار ہوتے ہیں جو کشتی کو تیز تیز چلاتے ہیں۔

ہر کشتی کے فرنٹ پر ایک کم عمر بچہ یا بچی بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود ہوتی ہے جو کہ ڈانس کرکے اپنی ٹیم کی ہمت بڑھاتے ہیں۔

ریان ارکان دخا بھی اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے کشتی کے فرنٹ پر ڈانس میں محو تھا کہ ان کی ویڈیو نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کرلی اور ان کا کیا گیا ڈانس ورلڈ سینسیشن بن گیا۔

اے بی سی نیوز کے مطابق انڈونیشین بچے کی جانب سے کشتی ریس کے دوران کیا گیا ڈانس دنیا بھر کے ایتھلیٹس اور مختلف کھیل کھیلنے والے کھلاڑیوں کو پسند آگیا اور وہ بھی کھیل کے اختام پر ریان ارکان دخا کے ڈانس اسٹیپس کو فالو کرکے ڈانس کرنے لگے۔

وائرل ہونے والے انڈونیشین بچے نے بی بی سی کو بتایا کہ مذکورہ ڈانس انہوں نے خود تشکیل دیا اور انہوں نے بغیر منصوبہ بندی کے اچانک ایسا ڈانس کرنا شروع کیا۔

بچے کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس طرح ڈانس کرنے کا پہلے کوئی منصوبہ نہیں بنایا تھا، از خود ریس کے دوران انہیں خیال آیا کہ ایسے ڈانس کرنا چاہیے اور پھر انہوں نے ڈانس کرنا شروع کردیا، جسے دنیا بھر میں سراہا گیا۔

بچے کی ڈانس ویڈیو وائرل ہونے کے بعد امریکا سے لے کر آسٹریلیا اور کینیڈا سے لے کر برطانیہ تک کے ایتھلیٹس اور کھلاڑی کھیل کے دوران اور اختتام پر انڈونیشین بچے کی طرح کا ڈانس کرنے لگے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025