• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.6°C
  • ISB: Cloudy 16.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.6°C
  • ISB: Cloudy 16.6°C

کسی کے لیے ریڈ کارپٹ نہیں بن سکتی، اداکارہ مہربانو

شائع July 15, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ مہربانو نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی شخص کے لیے ریڈ کارپٹ نہیں بن سکتیں کہ وہ ان پر چلے اور مزے لے، نہ وہ کسی شخص کی بیوفائی برداشت کرسکتی ہیں۔

اداکارہ نے حال ہی میں مزاحیہ شو ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے محض 16 سال کی عمر میں اداکاری شروع کی تھی، وہ میڈیا اور شوبز انڈسٹری کے سامنے ہی بڑی ہوئی ہیں، ان کی غلطیاں کسی سے چھپی نہیں۔

ان کے مطابق وہ خاندان کی پہلی لڑکی ہیں، جنہوں نے شوبز میں قدم رکھے، ان کے لیے شوبز انڈسٹری میں آنا آسان نہیں تھا لیکن وہ بچپن سے ہی باغی طبیعت کی مالک ہیں، اس لیے انہوں نے اپنی مرضی کے مطابق شوبز میں جگہ بنائی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ زمانہ طالب علمی کے وقت ہی ان کی دلچسپی اداکاری کی طرف تھی اور وہ اسکول و کالج میں تھیٹرز میں کام کرتی رہیں، جہاں انہیں ایوارڈز بھی ملتے رہے۔

مہربانو کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلا ڈراما انگریزی زبان میں کیا لیکن اس سے متعلق والدین کو کچھ نہیں بتایا، تاہم بعد ازاں انہوں نے والدین کو اپنے اداکاری کے شوق سے متعلق بتایا اور انہیں تھیٹرز دیکھنے کی التجا کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ والدین نے ان کی اداکاری دیکھنے کے بعد انہیں شوبز میں کام کرنے کی اجازت دی، ان کے والدین کو احساس ہوگیا کہ بیٹی کوئی غلط کام نہیں کر رہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کیریئر شروع کرنے کے بعد انہوں نے متعدد بار اداکاری سے وقفہ لیا، دو بار انہوں نے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لیے وقفہ لیا جب کہ دوسری وجوہات کی بنا پر بھی وہ انڈسٹری سے دور رہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں ڈانس کا بڑا شوق ہے، وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ لکھاری بھی بننا چاہتی تھیں لیکن ایسا نہ ہوسکا۔

مہربانو نے بتایا کہ انہوں نے لاہور میں اپنا ڈانس اسٹوڈیو کھول لیا ہے، جہاں وہ ڈانس کی شوقین لڑکیوں کو تربیت بھی دیں گی۔

اداکارہ کے مطابق ڈانس ویڈیوز سمیت دیگر مواد شیئر کرنے کی وجہ سے وہ سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا نشانہ بنتی رہی ہیں لیکن اب انہوں نے تنقید پر توجہ دینا چھوڑ دی۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے اعتراف کیا کہ انہوں نے بے وفائی برداشت کی لیکن انہیں بے وفائی برداشت کرنے پر تکلیف نہ ہوئی، کیوں کہ انہوں نے سوچا کہ ان کی کوئی غلطی نہیں تھی بلکہ بے وفائی کرنے والا شخص خود غلط تھا۔

مہربانو کا کہنا تھا کہ ان سے غلط کام اور بے وفائی برداشت نہیں ہوتی جب کہ وہ کسی کے لیے ریڈ کارپٹ نہیں بن سکتیں کہ کوئی ان پر چل کر مزے لیتا رہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025