خیبرپختونخوا : شدید بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے کے دو واقعات میں تین بچے جاں بحق
خیبر پختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن میں شدید بارشوں کے باعث چھت گرنےکے دو الگ الگ واقعات میں تین بچے جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 دیر لوئر کے ترجمان عبد الرحمٰن کے مطابق منگل کے روز ایک زیر تعمیر کچے مکان کی چھت گر گئی، جس کے ملبے تلے چار بچے دب گئے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ پاک-افغانستان سرحد کے قریب تحصیل براول کے علاقے شاہی مورو میں پیش آیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق ان کی ٹیم موقع پر پہنچی اور بچوں کو ملبے سے نکال کر سرمباغ اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان میں سے دو بچوں کی موت کی تصدیق کردی، ترجمان کے مطابق باقی دو بچوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ریسکیو ترجمان نے جاں بحق بچوں کی شناخت 14 سالہ اسلام الدین اور 6 سالہ حسن علی کے نام سے کی، جبکہ زخمی بچوں میں 3 سالہ شہاب خان اور 9 سالہ محمد یاسین شامل ہیں۔
دوسرے واقعے میں شانگلہ کی تحصیل چکسر کے علاقے اوپل میں شدید بارش کے باعث کچے مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ ماں اور دو بچے زخمی ہوگئے۔
شانگلہ میں ریسکیو 1122 کے ترجمان رسول خان شریف نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ علی رحمٰن نامی شخص کا خاندان رات کو سو رہا تھا کہ موسلا دھار بارش کے باعث چھت گر گئی۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے ملبے تلے دبے خاندان کے افراد کو نکالا۔
ترجمان کے مطابق علی رحمٰن کے گھر کی چھت گری، جس میں اس کا پانچ سالہ بچہ جاں بحق جبکہ اس کی بیوی اور دو بچے زخمی ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو رورل ہیلتھ سنٹر چکسر منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں مزید علاج کے لیے مینگورہ سوات اسپتال ریفر کر دیا گیا۔












لائیو ٹی وی