سیکیورٹی فورسز کا قلات میں آپریشن، فتنہ الہندوستان کے مزید 4 دہشت گرد ہلاک

شائع July 22, 2025
— فوٹو: پی ٹی وی
— فوٹو: پی ٹی وی

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کے مزید 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ قلات میں 19 جولائی 2025 کو سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بنیاد پر کی جانے والی کارروائی کے دوران ’فتنہ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے بعد 21 جولائی کو علاقے میں کلیئرنس کے دوران مزید 4 دہشت گرد مارے گئے۔

مزید بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا ایک خفیہ ٹھکانہ بھی تباہ کیا گیا، جہاں سے بڑی تعداد میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہوں کی بزدلانہ کارروائیوں کو ناکام بنا کر ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

واضح رہے کہ 20 جولائی کو آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 19 اور 20 جولائی کی درمیانی شب کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارتی ایجنٹ تنظیم ’ فتنہ الہندوستان’ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا تھا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا تھا، اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025