گوگل کا ورچوئل لباس آزمانے کا نیا اے آئی فیچر متعارف
دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے ایک نیا اے آئی فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین ورچوئل انداز میں کپڑے آزما سکتے ہیں۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق گوگل نے ایک نیا دلچسپ فیچر متعارف کرایا ہے، جس کی مدد سے اب صارفین اپنے کپڑے ورچوئل دنیا، یعنی آن لائن پہن کر دیکھ سکتے ہیں کہ وہ ان پر کیسے لگیں گے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو گوگل پر کسی کپڑے کی تلاش کے دوران ’ٹائی اِٹ آن‘ یعنی ’پہن کر دیکھیں‘ کا آئیکن نظر آئے گا۔
اس پر کلک کرنے کے بعد صارف کو اپنی مکمل تصویر اپلوڈ کرنی ہوگی، جس کے بعد وہ دیکھ سکیں گے کہ وہ لباس ان پر پہننے کے بعد کیسا لگے گا۔
یہ سہولت گوگل سرچ، گوگل شاپنگ اور گوگل امیجز میں دستیاب ہو گی، صارفین اپنے پسندیدہ انداز کو محفوظ کر سکتے ہیں اور اسے دوستوں کے ساتھ بھی شیئر کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل گوگل صرف ماڈلز پر کپڑوں کی ورچوئل جھلک دکھاتا تھا، لیکن اب یہ نیا فیچر صارفین کو اپنے جسم پر لباس آزمانے کی سہولت دے رہا ہے۔
گزشتہ ماہ گوگل نے ایک نئی تجرباتی ایپ ’ڈی او پی پی ایل‘ بھی متعارف کرائی تھی، جو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے مختلف کپڑوں کو پہننے کی ویڈیوز بناتی ہے، تاکہ صارفین کو اندازہ ہو سکے کہ وہ لباس حقیقت میں ان پر کیسا لگے گا۔
گوگل کے ترجمان کے مطابق یہ دونوں فیچرز ایک ہی جنریٹیو اے آئی ٹیکنالوجی سے چلتے ہیں، لیکن ’ڈی او پی پی ایل‘ ایپ خاص طور پر اُن صارفین کے لیے ہے جو اپنے انداز کو بہتر طور پر جانچنا چاہتے ہیں۔
فی الحال یہ فیچر صرف امریکا کے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔












لائیو ٹی وی