• KHI: Partly Cloudy 18.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 13°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 18.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 13°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.2°C

فیکٹ چیک: جس کلب میں عمران خان کے بیٹوں نے کھانا کھایا، اس کی وائرل’ کیٹرنگ گائیڈلائنز’ جعلی ہے

شائع July 25, 2025
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

متعدد صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جمعرات سے ایک مبینہ دستاویز شیئر کی جارہی ہے، جس کا عنوان ’ کیٹرنگ گائیڈلائنز’ ہے، یہ واشنگٹن ڈی سی کے کیپیٹل ہل کلب کی بتائی جارہی ہے، جہاں حال ہی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے امریکا کے دارالحکومت کے دورے کے دوران کھانا کھانے گئے تھے، اور اس میں دعویٰ کیا گیا کہ کلب میں حلال کھانا دستیاب نہیں ہے، تاہم یہ دستاویز جعلی ہے۔

آئی ویریفائی پاکستان کی ٹیم کی جانب سے سوشل میڈیا پر دستاویز شیئر کیے جانے کے بعد ایک فیکٹ چیک شروع کیا گیا۔

اس مہینے کے آغاز میں عمران خان کے بیٹوں ، سلیمان خان (28 سال) اور قاسم خان (26 سال) ، نے اپنے والد کی رہائی کے لیے مہم کا آغاز کیا تھا، یہ دونوں اس وقت امریکا میں ہیں اور اس مقصد کے لیے واشنگٹن ڈی سی میں قانون سازوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

دعویٰ

25 جولائی کو PML-N Digital کے ایک ایکس اکاؤنٹ نے ایک پوسٹ میں دونوں بھائیوں کی ریپبلکن کانگریس مین جو ولسن کے ساتھ کیپیٹل ہل کلب میں تصویر شیئر کی۔

پوسٹ کے کیپشن میں لکھا گیا کہ’عمران نیازی کے صاحبزادوں کی حرام خوری’ اور مزید دعویٰ کیا گیا کہ ’کیپیٹل ہل کلب، جہاں قاسم اور سلیمان نے کھانا کھایا، وہاں حلال کھانا دستیاب ہی نہیں۔‘

اس پوسٹ میں مبینہ طور پر کلب کی کیٹرنگ گائیڈلائنز کی ایک دستاویز بھی شیئر کی گئی۔

دستاویز کے آخری پیراگراف میں لکھا ہے کہ ’ اگر متوقع مہمانوں کی گارنٹی شدہ تعداد میں نمایاں کمی آتی ہے تو اصل متوقع مہمانوں کے لیے کمرہ تبدیل کرنے کا حق محفوظ ہے، ہم اپنی ریستوران کی پالیسی کے مطابق حلال یا کوشر کھانا فراہم نہیں کرتے۔’

یہ پوسٹ صبح 11:32 بجے شیئر کی گئی اور اس اکاؤنٹ کو مسلم لیگ (ن) کا آفیشل ایکس اکاؤنٹ بھی فالو کرتا ہے۔

ایک دن پہلے، 24 جولائی کو ایک پی ٹی آئی مخالف ایکس صارف نے بھی یہی مبینہ دستاویز اور دعویٰ پوسٹ کیا تھا۔

اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’ سب سے بڑا ثبوت آگیا، عمران کے بیٹوں نے کیپیٹل ہل کلب میں کھانا کھایا، یہ کلب کا مینو کارڈ ہے، اس میں کھانے کی تفصیل اور یہ بھی لکھا ہے کہ حلال اور کوشر کھانا نہیں دیا جاتا، یعنی گوشت خنزیر کا تھا، نوجوان حرام کھا رہے ہیں اور جھوٹ بول رہے ہیں۔’

اس پوسٹ کو 63 ہزار سے زیادہ ویوز ملے۔

یہ مبینہ دستاویز اور دعویٰ ایک علاقائی مسلم لیگ (ن) کے عہدیدار نے بھی ایکس پر شیئر کیا۔

پرو-مسلم لیگ (ن) اکاؤنٹس نے بھی یہ پوسٹ یہاں، یہاں، یہاں، یہاں، یہاں، یہاں، یہاں اور یہاں شیئر کی۔

اسی طرح پرو-ملٹری اکاؤنٹس نے بھی یہی دعویٰ یہاں اور یہاں پھیلایا۔

ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر نے بھی مبینہ دستاویز ایکس پر شیئر کی۔

اس کے علاوہ فیس بک پر بھی اسے یہاں اور یہاں شیئر کیا گیا۔

فیکٹ چیک

اس وائرل دعوے کی حقیقت جاننے کے لیے فیکٹ چیک کیا گیا تاکہ عمران خان کے بیٹوں سے متعلق پھیلنے والی اس افواہ کے ممکنہ نقصان دہ اثرات کو روکا جا سکے۔

فیک امیج ڈیٹیکٹر جیسے جعلی امیج اور اے آئی ڈیٹیکشن ٹولز سے دستاویز کا جائزہ لیا گیا تو اس نے اسے’ کمپیوٹر سے تیار کردہ یا تبدیل شدہ’ قرار دیا، جبکہ ایک اور ٹول کے مطابق دستاویز کی اصلیت صرف 25 فیصد تھی اور مجموعی اسکور 66 فیصد نکلا، جس کا مطلب ہے کہ اس میں جعلسازی کے امکانات نمایاں ہیں۔

کیپیٹل ہل کلب کی ویب سائٹ کا جائزہ 12 بجے کے قریب لیا گیا، وہاں موجود کسی مینو ڈاکیومنٹ، چاہے ناشتہ ہو، دوپہر کا کھانا، رات کا کھانا یا ریسیپشن، میں کہیں بھی حلال یا کوشر نہ دینے کی کوئی بات موجود نہیں تھی۔

بلکہ اصل کیٹرنگ گائیڈلائنز کا آخری پیراگراف یہ تھا کہ’ جبکہ ہم ہمیشہ آخری لمحے میں آنے والے مہمانوں کو کھانا دینے کے لیے تیار رہتے ہیں، براہ کرم نوٹ کریں کہ اگر کم مہمان آئیں تو آپ سے گارنٹی شدہ مہمانوں کی تعداد کے مطابق چارج کیا جائے گا، اگر گارنٹی شدہ مہمانوں کی تعداد میں اصل متوقع تعداد سے نمایاں کمی واقع ہوتی ہے تو کلب کو کمرہ ایک مناسب سائز میں تبدیل کرنے کا حق حاصل ہے۔’

مزید برآں، دونوں دستاویزات کا موازنہ کرنے پر پتا چلا کہ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی دستاویز پر موجود کلب کا لوگو ویب سائٹ پر موجود اصل لوگو سے مختلف تھا۔

ویب سائٹ والے پر لوگو میں لکھا ہے: ’ The National Republican Club of Washington, DC’ جبکہ جعلی دستاویز پر لوگو کا متن واضح نہیں، جو عام طور پر اے آئی سے بنائی گئی تصاویر میں دیکھا جاتا ہے،جیساکہ یہاں اور یہاں دیکھا جاسکتا ہے۔

اسی طرح جعلی دستاویز میں کئی غلطیاں، ٹائپوز اور گرامر کی غلطیاں تھیں۔

اس کا پہلا پیراگراف یوں تھا: The Capitol Hill Club Catering Department offers. Members the opporennity to host meetings or banquets ranging to intimate atrangements to parties or receptions up to up 300 guests. We a pleasure to assist you in planning any

اس میں offersکے بعد غلط وقفہ، opporennity جیسے غلط ہجے، ’ atrangements کی غلط اسپیلنگ اور آخری جملہ ادھورا اور بے ربط تھا۔

اصل ویب سائٹ والے مینو کا آغاز یوں ہوتا ہے: The Capitol Hill Club Catering Department offers Members the opportunity to host meetings or banquets ranging from intimate gatherings to parties or receptions for up to 300 guests. It will be our pleasure to assist you in planning any special event

وائرل دستاویز میں کئی اور ہجے کی غلطیاں بھی ہیں اور مجموعی طور پر یہ ویب سائٹ کے متن سے مطابقت نہیں رکھتی۔

نتیجہ : گمراہ کُن

لہٰذا، فیکٹ چیک سے ثابت ہوا کہ کیپیٹل ہل کلب کی کیٹرنگ گائیڈلائنز میں حلال یا کوشر کھانا نہ دینے کا دعویٰ جھوٹا ہے۔

آن لائن شیئر کی جانے والی مبینہ دستاویز جعلی ہے کیونکہ اس میں غلطیاں ہیں اور کلب کی ویب سائٹ پر اس کا ذکر موجود نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025