طعنے دیے جا رہے ہیں، شادی کرلو، بوڑھی ہو رہی ہو، زرین خان
بولی وڈ اداکارہ زرین خان نے شکوہ کیا ہے کہ انہیں خصوصی طور پر سوشل میڈیا پر تاحال شادی نہ کرنے کی وجہ سے ٹرولنگ کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور انہیں طعنے دیے جاتے ہیں کہ شادی کرلو، بوڑھی ہو رہی ہو۔
زرین خان نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو پوسٹ کی، جس میں وہ خود کو شادی پر ملنے والے طعنوں پر بات کرتی دکھائی دیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سماج میں نہ جانے کیوں شادی کو ہر مسئلے کا حل سمجھا جاتا ہے جب کہ ایسا نہیں ہوتا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ آج کل ویسے بھی شادیاں زیادہ عرصہ نہیں چل رہی، زیادہ تر شادیاں تین سے چار ماہ تک چلتی ہیں۔
زرین خان کے مطابق بھارت میں والدین یہ سوچتے ہیں کہ لڑکا یا لڑکی ہاتھ سے نکل رہی ہے، اس لیے اس کی شادی کرائی جائے اور وہ شادی کو ہی ہر مسئلے کا حل سمجھتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ جو شخص بے روزگار ہوتا ہے، کوئی کام نہیں کرتا، اس کی زندگی میں بہت سارے مسائل ہوتے ہیں، والدین ان کے مسائل حل کرنے کے لیے ان کی شادی کرا دیتے ہیں، یہ نہیں سوچتے کہ وہ بے روزگار ہے، وہ اپنا خرچہ تک برداشت نہیں کرتا، شادی کے بعد دوسرے شخص کی ذمہ داری کیسے نبھائے گا؟
انہوں نے سوال کیا کہ کیا شادی کوئی جادو ہے، جس کے ہونے سے زندگی کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے؟
زرین خان نے شادی کے طعنے دینے والے افراد کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر وہ بوڑھی ہو رہی ہیں تو کیا شادی کرنے سے پھر سے وہ جوان ہوجائیں گی؟
بولی وڈ اداکارہ نے شکوہ کیا کہ انہیں سوشل میڈیا پر خصوصی طور پر شادی کے طعنے دیے جاتے ہیں، انہیں کہا جاتا ہے کہ بوڑھی ہو رہی ہو، شادی کرلو۔
اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر تبصرے کرتے ہوئے لکھا کہ واقعی وہ بوڑھی ہوتی جا رہی ہیں، شادی کرلیں۔
ساتھ ہی بعض افراد نے انہیں طعنے دینے والے لوگوں پر توجہ نہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کیریئر پر فوکس رکھیں۔












لائیو ٹی وی