• KHI: Partly Cloudy 30.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 29.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 30.8°C
  • LHR: Partly Cloudy 29.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.6°C

ہاؤسنگ سوسائٹیز کو سہولیات فراہم کرنا این ایچ اے کا کام نہیں، سینیٹ کمیٹی

شائع July 28, 2025
فائل فوٹو:  اے پی پی
فائل فوٹو: اے پی پی

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات نے کہا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام سے انٹرچینج کو منسوب کرنے سے کوڑیوں کی زمین کروڑوں میں چلی جاتی ہے، ہاؤسنگ سوسائٹیز کو سہولیات فراہم کرنا این ایچ اے کا کام نہیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس سینیٹر پرویز رشید کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، دوران اجلاس کیپیٹل اسمارٹ سٹی اور گندھارا ٹول پلازہ کے اسٹیٹس پر قائمہ کمیٹی کو این ایچ اے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیپیٹل اسمارٹ سٹی نے انٹرچینج کے لیے این ایچ اے سے این او سی مانگا تھا۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام سے انٹرچینج کو منسوب کرنے سے کوڑیوں کی زمین کروڑوں میں چلی جاتی ہے،ہاؤسنگ سوسائٹیز کو سہولیات فراہم کرنا این ایچ اے کا کام نہیں ہے۔

انہوں نےکہا کہ انٹر چینج کا نام گندھارا رکھنا بھی نامناسب ہے،کیوں کہ وہاں گندھارا کے نام سے بھی ہاؤسنگ سوسائٹی ہے، ہاؤسنگ سوسائٹیز ایسی جگہوں پر بنائی جارہی ہیں جہاں پانی کی سہولت تک موجود نہیں ہے۔

سینیٹر ضمیر حسین گھومرو نے کہا کہ قائمہ کمیٹی گندھارا انٹرچینج کی این او سی کو منسوخ کرنے کی سفارش کرے، سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ انٹرچینج کی وجہ سے کیپیٹل اسمارٹ سٹی نے اپنی زمینوں کی رقم بڑھائی ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ رولز اور انٹرچینج کے این او سی کی فیس کو سخت کریں تاکہ کم انٹر چینج بن سکیں۔

این ایچ اے حکام نے قائمہ کمیٹی کو سیہون بائی پاس کی تعمیر پر بریفنگ بھی دی، جس پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ قائمہ کمیٹی مواصلات نے سیہون بائی پاس کی تعمیرات کی سفارش کی تھی،کمیٹی کی سفارشات پر بھی این ایچ اے نے عمل نہیں کیا،کمیٹی نے پی ایس ڈی پی فنڈ سے متعلق 5 سے 6 اجلاس کیے لیکن عملدرآمد کچھ نہیں ہوا۔

چیئرمین این ایچ اے نے کہا کہ سندھ حکومت نے اس پروجیکٹ کی پی سی ون اور فزیبلٹی جمع کی ہے، فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے گزشتہ سال کی اسکیموں کو شروع ہی نہیں کیا ہے، این ایچ اے صرف ایم 6 پر فوکس کررہا ہے،این ایچ اے اسکیموں کی سفارشات کرسکتا ہے،مگر اوپر کے لیول پر فیصلے کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایشین بینک کے ساتھ بھی سیہون پروجیکٹ پر بات کی ہے،اس اسٹیج پر اب مشکل ہے،سندھ حکومت کی سیہون پروجیکٹ پر فزیبلٹی کی توثیق کردیں گے۔

بعد ازاں اجلاس میں ایم-6 موٹروے پروجیکٹ پر این ایچ اے حکام نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اتنے بڑے پروجیکٹ کو کوئی بینک فنانسنگ نہیں کرسکتا، اسے دو حصوں میں تقسیم کیا ہے، کوشش ہے کہ اس پروجیکٹ کے پانچوں سیکشن کو بہ یک وقت شروع کریں۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ پورے ملک میں موٹرویز بن گئی ہیں،یہ موٹروے تاخیر کا شکار ہے،یہ صوبہ سندھ اور سندھ کی عوام کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026