’ہانیہ پنیر؟‘ بھارتی شو کے طنز پر ہانیہ عامر کا دلچسپ ردعمل
اداکارہ ہانیہ عامر نے بھارتی نیوز شو میں طنزیہ انداز میں ’ہانیہ پنیر‘ کہے جانے پر دلچسپ ردعمل دیا ہے۔
27 جون کو ہانیہ عامر کی بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ ریلیز ہوئی، جسے بھارت کے علاوہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔
22 اپریل کو پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان سفارتی کشیدگی کے باعث یہ فلم بھارت میں ریلیز نہ ہو سکی۔
ہانیہ عامر کی فلم میں موجودگی پر بھارتی فلم سازوں نے کڑی تنقید کی اور بھارتی نیوز چینلز پر اس حوالے سے باقاعدہ مباحثے بھی دیکھنے میں آئے۔
اسی حوالے سے گزشتہ مہینے بھارتی نیوز چینل کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں پروگرام میں شریک ایک مہمان نے ہانیہ عامر کو نہ پہچاننے کا ڈراما کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ یہ ہانیہ پنیر یا میر کون ہے؟ وہ تو پہلی بار یہ نام سن رہے ہیں!
ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوئی اور اب تقریباً ایک مہینے بعد ہانیہ عامر کا اس پر ردعمل سامنے آیا ہے۔
ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر تیار ہونے، فوٹو شوٹ کرانے اور فلم سردار جی تھری کی اسکریننگ میں شرکت کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ان کا اصل نام شاید ہانیہ پنیر ہو اور ویڈیو میں مذکورہ تبصرے کی نقل بھی اتاری۔
اداکارہ کے مطابق بہت جلد سوشل میڈیا پر ایک ایسا اکاؤنٹ ہوگا جو ہانیہ عامر کی زبردست میمز شیئر کرے گا اور اس اکاؤنٹ کو وہ خود ہینڈل کریں گی۔
رپورٹس ’سردار جی تھری‘ نے پاکستان میں 50 کروڑ روپے کا بزنس کر کے ’کیری آن جٹا تھری‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور یوں یہ پاکستان میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی پنجابی فلم بن گئی ہے۔












لائیو ٹی وی