• KHI: Sunny 16.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 10.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.1°C
  • KHI: Sunny 16.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 10.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.1°C

فیکٹ چیک: بلاول بھٹو کی ’ہمارے لوگ بھارت کی پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں‘ کہنے والی وائرل ویڈیو جعلی ہے

شائع August 4, 2025
— فائل فوٹو: آئی ویریفائی پاکستان
— فائل فوٹو: آئی ویریفائی پاکستان

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر 31 جولائی سے متعدد بھارتی صارفین کی جانب سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ایک ویڈیو شیئر کی جارہی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ بھارت کے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں، تاہم ویڈیو کی آڈیو کو تبدیل کیا گیا ہے۔

آئی ویریفائی پاکستان کی ٹیم کی جانب سے اس دعوے کے بعد ایک فیکٹ چیک شروع کیا گیا، تاہم یہ دعویٰ جھوٹا نکلا۔

31 جولائی کو گزشتہ پوسٹس سے بھارتی معلوم ہونے والے ایک ایکس صارف نے ویڈیو شیئر کی، جس میں بلاول بھٹو کا قومی اسمبلی میں اور گورو گوگئی کا لوک سبھا میں خطاب دکھایا گیا تھا۔

ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ بلاول بھٹو نے کہا کہ ’رات کے اندھیروں میں کون حملہ کرتا ہے؟ ہم بھارتی وزیرِ اعظم کے سامنے آسانی سے پروپیگنڈہ کر سکتے ہیں، ہمارے لوگ ان کی پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں۔‘

اس پوسٹ کی کیپشن میں کہا گیا کہ ’ہمارے لوگ بھارت کی پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں، بلاول بھٹو۔ ہیلو گورو گوگئی، وہ ’ہمارے لوگ‘ کون ہیں جو بلاول بھٹو کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں؟‘

اس ویڈیو نے ایک لاکھ سے زیادہ ویوز حاصل کیے اور اسے 5 ہزار 200 مرتبہ شیئر کیا گیا۔

ویڈیو کو دیگر بھارتی اکاؤنٹس نے بھی شیئر کیا، جسے یہاں، یہاں اور یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو کو انسٹاگرام پر بھی بھارتی اکاؤنٹس نے یہاں شیئر کیا۔

مزید برآں، بلاول بھٹو کی تصویر کے ساتھ ان کا بیان ’ہمارے لوگ ان کے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں‘ بھی ہندو توا اکاؤنٹس کے ذریعے یہاں، یہاں، یہاں اور یہاں شیئر کیا گیا، جس نے مجموعی طور پر 6 لاکھ 11 ہزار 378 ویوز حاصل کیے۔

ان تمام پوسٹس میں ویڈیو کے اصل سیاق و سباق کے بارے میں کوئی اضافی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، جسا کہ یہ کب کی ہے یا مکمل خطاب کا لنک۔

چونکہ یہ ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہو گئی تھی اور پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ تنازعات کے باعث عوام میں اس ویڈیو پر گہری دلچسپی تھی، اس لیے اس دعوے کی حقیقت جانچنے کے لیے فیکٹ چیک کیا گیا۔

ویڈیو کا مشاہدہ کرنے سے آڈیو میں تضادات سامنے آئے، جن میں سب سے نمایاں بلاول کے لبوں کی ہم آہنگی میں خرابی، ’وزیرِ اعظم‘ کا غلط تلفظ اور ہندی الفاظ کا استعمال تھا۔

اس ویڈیو کو ریورس امیج سرچ کرنے پر پتا چلا کہ بلاول بھٹو کی ویڈیو حقیقت میں 7 مئی 2025 کی ہے، جب انہوں نے قومی اسمبلی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان چار روزہ تنازع کے حوالے سے خطاب کیا تھا۔

اصل خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ“صرف چور اور بزدل رات کے اندھیرے میں حملہ کرتے ہیں، اگر ان میں ذرا بھی حوصلہ ہوتا، تو وہ دن کے وقت اپنے حملے کا اعلان کرتے۔’

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم جنگ کی حمایت نہیں کرتے، مگر بھارت کو خود کو تیار کرنا چاہیے کیونکہ پاکستان نے ابھی جواب دینا ہے، اور یہ جواب رات کے اندھیرے میں نہیں، جھوٹ کے تحت نہیں، بلکہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق دیا جائے گا۔‘

اس بات کی تصدیق بھی ایک کلیدی لفظ کی تلاش سے ہوئی، جس میں معتبر نیوز ذرائع جیسے ڈان اور ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹیں شامل تھیں، جن میں بلاول بھٹو کے بھارت کی پارلیمنٹ کے بارے میں کوئی بیان نہیں تھا۔

اس لیے فیکٹ چیک نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ یہ دعویٰ غلط ہے کہ ایک وائرل ویڈیو میں بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ ’ہمارے لوگ بھارت کے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں، ویڈیو میں جعلسازی کی گئی ہے اور آڈیو کو ڈب کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025