آئندہ مہینوں میں پاکستان سے افغان مہاجرین کی واپسی میں اضافے کا امکان

شائع August 5, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کی وطن واپسی میں آئندہ مہینوں میں اضافے کا امکان ہے، جس کی وجہ وزارتِ داخلہ کی جانب سے افغان باشندوں کی واپسی سے متعلق جاری کردہ ایک نیا اسٹیچیوٹری ریگولیٹری آرڈر (ایس آر او) ہے۔

اس حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ افغان مہاجرین کو جاری کردہ پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈز کی میعاد 30 جون 2025 کو ختم ہو چکی ہے، اور اب ایسے کارڈ رکھنے والوں کا قیام قانونی طور پر ناجائز تصور کیا جائے گا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ادارے یونائیٹڈ نیشنز آفس فار دی کوآرڈینیشن آف ہیومنیٹیرین افیئرز (یو این او سی ایچ اے) کی رپورٹ ’افغانستان ریٹرنیز اوورویو‘ کے مطابق اس وقت تقریباً 14 لاکھ افغان پی او آر کارڈ ہولڈرز پاکستان میں موجود ہیں۔

حکام کے مطابق جیسے جیسے قانون کا اطلاق سخت کیا جائے گا، ان افغان باشندوں کی واپسی میں تیزی متوقع ہے، ان اقدامات کو انسانی حقوق کی تنظیموں اور پناہ گزینوں کے تحفظ سے وابستہ اداروں کی جانب سے تشویش کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، جو افغان مہاجرین کے حالاتِ زندگی اور سلامتی سے متعلق خدشات کا اظہار کر رہے ہیں۔

26 جولائی 2025 تک اندازاً 16 لاکھ 68 ہزار افغان باشندے رواں سال افغانستان واپس جا چکے ہیں، جن میں سے 12 لاکھ 80 ہزار کی واپسی ایران جبکہ 3 لاکھ 89 ہزار کی واپسی پاکستان سے ہوئی ہے، صرف جولائی کے 26 دنوں کے دوران تقریباً 5 لاکھ 39 ہزار افراد ایران سے افغانستان واپس گئے، جو رواں سال ایران سے مجموعی واپسی کا تقریباً ایک تہائی بنتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 20 سے 26 جولائی کے درمیان ایران سے روزانہ اوسطاً 11 ہزار افغان واپس لوٹے، جب کہ اسی عرصے کے دوران پاکستان سے واپس جانے والوں کی یومیہ اوسط تعداد تقریباً 1100 رہی۔

جنوری اور فروری 2025 کے دوران حکومتِ پاکستان نے افغان شہریوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی سے انخلا کا حکم دیا، بصورت دیگر انہیں ملک بدری کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا،اس کے بعد آئی ایف آر پی (غیر رجسٹرڈ غیر ملکیوں کی واپسی کا منصوبہ) کے دوسرے مرحلے کے نفاذ کا اعلان کیا گیا، جس میں غیر دستاویزی افغان باشندوں کے ساتھ ساتھ افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والوں کو بھی واپسی کا ہدف بنایا گیا۔

ان حکومتی فیصلوں کے نتیجے میں خصوصاً اپریل 2025 میں افغان باشندوں کی گرفتاریوں، حراست اور ملک بدری کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

فی الوقت، افغان مہاجرین کو دیے گئے پروف آف رجسٹریشن کارڈز کی میعاد 30 جون 2025 کو ختم ہو چکی ہے اور تاحال ان کی تجدید یا توسیع کا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے، اس صورتحال کے باعث پاکستان میں موجود لاکھوں افغان باشندوں کی قانونی حیثیت غیر واضح ہو چکی ہے، جس سے ان کے مستقبل پر شدید خدشات جنم لے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025