قومی اسمبلی: غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کی قرارداد کثرت رائے سے منظور
قومی اسمبلی نے غزہ کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی۔
ڈان نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی ہے جس میں فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کی تاریخی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
قومی اسمبلی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق ’ایوان نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی، جس میں فلسطینی عوام اور ان کی آزادی، عزت اور انصاف کے لیے جائز جدوجہد کی پاکستان کی تاریخی اور غیر متزلزل حمایت کو دہرایا گیا ہے‘۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن اسمبلی شازیہ مری نے قرارداد پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان اسرائیلی حکام کے حالیہ بیانات اور اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے، جن میں غزہ پر طویل المدتی قبضے، وہاں کی آبادی کو جبراً بے دخل کرنے اور اس علاقے کی فلسطینی شناخت مٹانے کے منصوبوں کا اظہار کیا گیا ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ایوان غزہ کی پٹی میں جاری اور بڑھتی ہوئی اسرائیلی فوجی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کا بڑے پیمانے پر قتل عام اور انفرااسٹرکچر کی وسیع پیمانے پر تباہی اور ایک سنگین انسانی بحران پیدا ہوا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان انصاف اور حق خود ارادیت کے لیے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتا ہے، ایوان غزہ کے بہادر اور جرات مند عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
ایوان عالمی برادری سے تمام فوری اور مناسب اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتا ہے۔












لائیو ٹی وی