نئے مالی سال کے پہلے مہینے میں پاکستان کی برآمدات میں 16.91 فیصد اضافہ ریکارڈ
ادارہ شماریات پاکستان (پی ایس بی) کی بدھ کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی تجارتی برآمدات نے موجودہ مالی سال کے پہلے مہینے میں بحالی کا مظاہرہ کیا ہے، جو گزشتہ ماہ کی منفی نمو کے برعکس 16.91 فیصد اضافے کے ساتھ سامنے آئی ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق جون 2025 میں برآمدات میں 0.59 فیصد، مئی میں 10.07 فیصد، اور اپریل میں 7.36 فیصد کمی ہوئی تھی، تاہم، جولائی میں برآمدی آمدن میں بحالی ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان کی برآمدات کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 میں برآمدات کی مالیت 2 ارب 69 کروڑ ڈالر رہی جو گزشتہ سال اسی ماہ میں 2 ارب 31 کروڑ ڈالر تھی، ماہ بہ ماہ بنیاد پر جولائی میں برآمدات میں 8.88 فیصد اضافہ ہوا۔
مالی سال 25-2024 کے 12 مہینوں میں (جولائی تا جون) برآمدات کی کل مالیت 32 ارب 10 کروڑ ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 30 ارب 67 کروڑ ارب ڈالر تھی، یعنی 4.67 فیصد اضافہ ہوا۔
اکتوبر میں برآمدی نمو سنگل ڈیجٹ تک محدود ہو گئی تھی اور فروری (5.57 فیصد)، اپریل (7.36 فیصد) اور مئی میں منفی 10.07 فیصد منفی رہی۔
مارچ میں برآمدات میں 3.08 فیصد کا معمولی اضافہ دیکھا گیا، لیکن اس کے بعد کے مہینوں میں دوبارہ منفی رجحان سامنے آیا۔
عالمی خریداروں نے حالیہ دنوں میں بنگلہ دیش اور چین سے کپڑوں کے آرڈر پاکستان منتقل کیے ہیں، جس سے پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے مارکیٹ میں زیادہ حصہ حاصل کرنے کا موقع پیدا ہوا ہے۔
پی بی ایس کے مطابق، جولائی 2025 میں درآمدات 29.25 فیصد کے اضافے سے 5 ارب 45 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال اسی ماہ میں 4 ارب 22 کروڑ ڈالر تھیں، ماہ بہ ماہ بنیاد پر جولائی میں درآمدات میں 12.37 فیصد اضافہ ہوا۔













لائیو ٹی وی