• KHI: Sunny 27.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 22.1°C
  • KHI: Sunny 27.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 22.1°C

حکومت پاکستان نے غزہ کیلئے 200 ٹن امدادی سامان کی 18 ویں کھیپ روانہ کردی

شائع August 8, 2025
این ڈی ایم اے نے امدادی سامان بھجوانے کیلئے 2 خصوصی طیاروں کا انتظام کیا— فوٹو: پی آئی ڈی
این ڈی ایم اے نے امدادی سامان بھجوانے کیلئے 2 خصوصی طیاروں کا انتظام کیا— فوٹو: پی آئی ڈی

حکومت پاکستان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر غزہ کے لیے 200 ٹن امدادی سامان کی 18 ویں کھیپ روانہ کر دی، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان فلسطینی عوام سے ہر وقت یکجہتی کے عزم پر قائم ہے، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے امدادی سامان کے لیے تعاون پر الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیاہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ کھیپ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی زیر نگرانی اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ کی گئی، امدادی سامان وزیراعظم کی ہدایات اور این ڈی ایم اے کے تعاون سے روانہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات عطاللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 100، 100 ٹن امدادی سامان سے لدے 2 خصوصی چارٹرڈ طیارے اردن جائیں گے اور وہاں سے اردن کی ایک رفاہی تنظیم یہ سامان زمینی راستے کے ذریعے غزہ پہنچائے گی۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہر موقع پر غزہ کے مظلوم مسلمانوں اور فلسطین کاز کے لیے آواز اٹھائی، اسرائیل کی جانب سے غزہ میں اب جو مظالم ڈھائے جارہے ہیں پاکستان ان کی مذمت کرتا ہے اور غزہ کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اب تک 100، 100 ٹن امدادی سامان سے لدے 18 جہاز غزہ بھجوائے جاچکے ہیں، این ڈی ایم اے نے آج بھی 2 جہازوں کا انتظام کیا ہے جن کے ذریعے 100،100 ٹن امدادی سامان اور دوائیں بھجوائی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاتا رہا ہے اور اٹھاتا رہے گا، فلطسینی میڈیکل کے طلبہ پاکستان پہنچ چکے ہیں اور ان کی تعلیم کا سلسلہ جاری ہے،حکومت پاکستان اسرائیل کی پیدا کردہ غذائی قلت کا شکار فلسطینی بھائیوں کے درد کو سمجھتے ہوئے امدادی سامان بھجواتی رہی ہے اور بھجواتی رہے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کی قیادت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے امدادی سامان اور دوائیں بھجوانے میں ناصرف تعاون کیا بلکہ ہر موقع پر اس معاملے کو اٹھاتے بھی رہے ہیں۔

۔امداد میں راشن۔ تیار شدہ خوراک اور دوائیں شامل ہیں۔ روانگی کی تقریب میں فلسطینی سفیر۔ وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے کے حکام نے شرکت کی۔

کارٹون

کارٹون : 16 دسمبر 2025
کارٹون : 15 دسمبر 2025