• KHI: Partly Cloudy 24.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.2°C
  • ISB: Cloudy 20.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 24.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.2°C
  • ISB: Cloudy 20.1°C

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا غزہ پر مکمل قبضے کے اسرائیلی فیصلے پر سخت تشویش کا اظہار

شائع August 9, 2025
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے غزہ شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے اسرائیل کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ ایک ’ خطرناک کشیدگی’ ہے جو فلسطینیوں کے لیے مزید تباہی لائے گی۔

ترکیہ کے سرکاری خبر رساں ادارے انادولو ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انتونیو گوتیرس کے ترجمان نےایک بیان میں کہا کہ ’ یہ فیصلہ کشیدگی میں خطرناک اضافے کا باعث بنے گا جس سے لاکھوں فلسطینیوں جانوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، اور اس فیصلے سے باقی ماندہ یرغمالی بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔ ’

فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی میں درپیش ’ خوفناک انسانی تباہی’ کو اجاگر کرتے ہوئے، گوتیرس نے خبردار کیا کہ ’ اسرائیل کے اس اقدام سے مزید جبری نقل مکانی، شہادتیں اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوگی، جس سے غزہ میں فلسطینی آبادی کی ناقابل تصور تکالیف میں مزید اضافہ ہوگا۔’

اقوام متحدہ کے سربراہ نے ’ ایک مستقل جنگ بندی، غزہ میں بلاروک ٹوک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رسائی، اور تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کے لیے اپنی فوری اپیل’ کا اعادہ کیا۔

انہوں نے ’ ایک بار پھر اسرائیلی حکومت پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پابندی کرے،’ بین الاقوامی عدالت انصاف کے 2024 کی مشاورتی رائے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو ’ تمام نئی بستیوں کی سرگرمیاں فوری طور پر بند کرنی چاہئیں۔’

بیان میں، گوتیرس نے اسرائیل پر یہ بھی زور دیا کہ وہ ’ مقبوضہ فلسطینی علاقے، جن میں غزہ اور مغربی کنارے، بشمول مشرقی یروشلم، شامل ہیں، میں اپنی غیر قانونی موجودگی کو جلد از جلد ختم کرے۔’

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ اس غیر قانونی قبضے کے خاتمے اور ایک قابل عمل دو ریاستی حل کے حصول کے بغیر اس تنازع کا کوئی پائیدار حل نہیں ہوگا۔’

انہوں نے مزید کہا کہ ’ غزہ فلسطینی ریاست کا ایک لازمی حصہ ہے اور اسے حصہ رہنا چاہیے۔’

خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے جمعہ کی صبح غزہ شہر پر مکمل قبضہ کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025