چینی ماہر نے پاکستانی طیارے گرانے کے بھارتی دعووں کو مسترد کردیا
جنوبی ایشیا میں چین کے سابق دفاعی اتاشی چنگ ژی ژونگ نے اتوار کے روز بھارت کی جانب سے پاک-بھارت تنازع میں 6 پاکستانی طیارے مار گرانے کے بنیاد دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’خود فریبی‘ قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پاک-بھارت جنگ میں پاکستان کی جانب سے رافیل سمیت بھارت کے دیگر جنگی طیارے مار گرائے جانے پر اپوزیشن کی سخت تنقید کا سامنا کرنے کے بعد بھارتی ایئرچیف مارشل امرپریت سنگھ نے 3 ماہ بعد ایک اور بے بنیاد دعویٰ کردیا۔
بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے جنگ کے 3 ماہ بعد مضحکہ خیز دعویٰ کیا کہ بھارت نے جھڑپوں کے دوران 5 پاکستانی لڑاکا طیارے اور ایک فوجی طیارہ مار گرایا تھا۔
تاہم، پاکستان پہلے ہی بھارت کے ان بے بنیاد دعوؤں کی تردید کر چکا ہے جب کہ وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھی کل بھارتی ایئرچیف کے ’تاخیر سے دیے گئے بیان‘ کو یکسر مسترد کر دیا۔
آج اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے چین کے سابق دفاعی اتاشی چنگ ژی ژونگ نے کہا کہ بھارت کے الزامات کے جواب میں کوئی مضبوط ثبوت نہیں اور انہیں ’بین الاقوامی برادری نے وسیع پیمانے پر مشکوک اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
انہوں نے بھارتی ایئر چیف کے بیان کو ’مزاحیہ، ناقابلِ یقین اور غیر مؤثر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اسے خود فریبی کہہ سکتے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے متعدد بار یہ کہا گیا کہ جنگ کے دوران ہم نے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے جب کہ بھارت کے اعلیٰ ترین فوجی جنرل نے بھی اعتراف کیا کہ اس کی فضائیہ کو نقصان اٹھانا پڑا تاہم انہوں نے 6 طیاروں کے نقصان کو تسلیم کرنے سے انکار کیا۔
چنگ ژی ژونگ کا کہنا تھا کہ بھارت نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، جیسے طیاروں کے ملبے کی تصاویر، ریڈار مانیٹرنگ ڈیٹا وغیرہ، جب کہ پاکستان پہلے ہی بھارتی طیارے مار گرانے کے بڑے پیمانے پر متعلقہ شواہد پیش کرچکا ہے۔
دفاعی ماہر کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی بھی دعویٰ کرنے سے قبل ان بیانات کو کافی ثبوت پر مبنی ہونا چاہیے، پاک-بھارت جنگ کو 3 ماہ سے زائد گزر چکے ہیں، مگر نئی دہلی آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا کہ اس نے پاکستانی طیارے مار گرائے تھے۔
’’اس کے برعکس، پاکستانی جانب نے جھڑپ کے فوراً بعد عالمی میڈیا کو ایک تفصیلی تکنیکی رپورٹ فراہم کی گئی، یہ بات واضح ہے کہ بھارت نے کوئی پاکستانی طیارہ نہ مارا اور نہ تباہ کیا۔
اس کے برعکس، پاکستانی جانب نے بھارت کے 6 لڑاکا طیارے گرائے اور ایس-400 ایئر ڈیفنس پوزیشنز کو تباہ کیا، جن میں دیگر کامیابیاں بھی شامل ہیں، اور یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے۔












لائیو ٹی وی