• KHI: Partly Cloudy 29.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 29.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.9°C

ملکی معیشت کے بارے میں اپوزیشن کے بے بنیاد بیانات عوامی مفاد کے خلاف ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

شائع August 10, 2025
— فائل فوٹو: اے پی پی
— فائل فوٹو: اے پی پی

عطااللہ تارڑ نےکہا کہ مہنگائی میں کمی، برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، اسٹاک مارکیٹ مسلسل اوپر جا رہی ہے اور معیشت ترقی کر رہی ہے، کیا یہ اپوزیشن کو قبول نہیں ہے؟

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اپوزیشن رہنما اسد قیصر کی پریس کانفرنس کو گمراہ کن اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئےکہا ہے کہ ملکی معیشت کے بارے میں بے بنیاد بیانات عوامی مفاد کے خلاف ہیں۔

کیا اپوزیشن کو یہ قابل قبول نہیں کہ ترسیلات زر 38 ارب ڈالر پہنچ گئی ہیں، کرنٹ اکائونٹ سرپلس 2.1 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔

اپوزیشن رہنما اسد قیصر کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی درجہ بندی میں واضح بہتری کی ہے، کیا یہ حقیت آپ کو تسلیم نہیں ؟

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ایک سازش رچائی گئی، ریاستی اداروں پر حملے کیےگئے، اس سنگین جرم پر قانون کے مطابق سزائیں سنائی گئیں اور ان سزائوں کے تمام فیصلے شفاف اور فیئر ٹرائل کے بعد ہوئے۔

عطااللہ تارڑ نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو اسی بات کی تکلیف ہے کہ سازش کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے اور انہیں ان کے جرائم کی سزا مل رہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نےاسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ملک کے طرزِ حکمرانی کو غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک عملاً مارشل لا کے تحت چل رہا ہے اور فیصلے ذاتی پسند وناپسند کی بنیاد پر ہو رہے ہیں، ملک کو اس موجودہ ہائبرڈ نظام کے تحت نہیں چلایا جاسکتا۔

اسد قیصر نے 27ویں آئینی ترمیم پر بات کرتے ہوئےکہنا تھا کہ اس قانون سازی کے حوالے سے ’ایک نیا ڈرامہ‘ شروع ہو گیا ہے، اس معاملے میں ہم وکلا برادری سے رابطہ کریں گے اور رواں ماہ اسلام آباد بار سے ملاقات کر کے اس سلسلے کا آغاز کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026