کراچی میں تنہا رہ کر کڑے وقت کا سامنا کیا، دیا مغل کا انکشاف
اداکارہ دیا مغل نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں اکیلے رہتے ہوئے انہیں کئی مشکلات اور کٹھن حالات کا سامنا کرنا پڑا۔
دیا مغل نے حال ہی میں پروگرام ’زبردست ود وصی شاہ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
دیا مغل نے بتایا کہ ان کا آبائی شہر لاہور ہے اور جب وہ نئی نئی کراچی منتقل ہوئی تھیں تو اس دوران انہوں نے ایک پروجیکٹ پر کام شروع کیا، شوٹنگ شروع ہوئے صرف دو دن ہی ہوئے تھے کہ انہیں اطلاع ملی کہ ٹیکنیکل وجوہات کی بنا پر شوٹنگ کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی ہے۔
اداکارہ کے مطابق اسی دوران ایک دوست نے انہیں بتایا کہ ان کی جگہ کسی اور کو اس پروجیکٹ کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے، اس پر انہوں نے پروجیکٹ کے ہیڈ سے رابطہ کر کے معلوم کرنا چاہا کہ انہیں کیوں نکالا گیا ہے۔
دیا مغل کا کہنا تھا کہ انہیں بتایا گیا کہ ان کی اداکاری میں کوئی مسئلہ نہیں، لیکن چونکہ وہ بہت خاموش رہتی ہیں، سیٹ پر کسی سے بات نہیں کرتیں اور گھلتی ملتی نہیں ہیں اس لیے ایسا کیا گیا۔
اداکارہ نے کہا کہ اس رویے سے انہیں بہت دکھ پہنچا کیونکہ انہیں صرف اس بنا پر نکال دیا گیا کہ وہ سیٹ پر ہونے والی باتوں اور مذاق میں حصہ نہیں لیتی تھیں۔
ان کے مطابق یہ ان کے ساتھ زیادتی تھی اور اس واقعے سے وہ بہت دکھی ہوئی تھیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ ایک بڑی فیملی سے تعلق رکھتی ہیں، جہاں سب ایک دوسرے کے ساتھ گھل مل کر رہتے ہیں، اسی لیے جب وہ کراچی آئیں تو ان کے لیے اکیلے رہنا بہت مشکل تھا کیونکہ وہ اپنی فیملی کو بہت یاد کرتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گھر پر اگر کھانا پسند کا نہ ہو تو والدہ یا کوئی اور گھر کا فرد آپ کی فرمائش پوری کر دیتا ہے، لیکن کراچی میں انہیں دو دو دن پرانا کھانا بھی کھانا پڑتا تھا کیونکہ کوئی اور اختیار نہیں ہوتا تھا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ تنہا رہنے کے دوران جب لائٹ چلی جاتی تھی تو وہ پورے اپارٹمنٹ میں اکیلی ہوتی تھیں اور صرف ایک موم بتی جل رہی ہوتی تھی، جب کہ فیملی کے ساتھ ایسا کبھی محسوس نہیں ہوتا تھا کیونکہ اردگرد کئی لوگ موجود ہوتے تھے۔
دیا مغل کا کہنا تھا کہ اکیلے رہنا آسان نہیں تھا، ذہن میں کئی سوچیں آتی تھیں کہ کام ملے گا یا نہیں یا وہ اکیلے رہ پائیں گی یا نہیں، لیکن انہوں نے ثابت قدمی سے وقت گزارا اور یہ مرحلہ بھی گزر گیا۔
دیا مغل نے کئی کامیاب ڈراموں میں کام کیا ہے، جن میں ’مائی ری‘، ’عشق نچایا‘، ’کنکر‘ اور ’پہچان‘ شامل ہیں۔












لائیو ٹی وی