ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، ہانیہ عامر کی بائیک ویڈیو پر شنیرا اکرم برہم
اداکارہ ہانیہ عامر کی موٹرسائیکل سواری کی ویڈیو پر سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے سخت ردعمل دیتے ہوئے روڈ سیفٹی کی اہمیت اور ہیلمٹ کے استعمال پر زور دیا۔
شنیرا اکرم نے انسٹاگرام اسٹوری میں ہانیہ عامر کی ویڈیو کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ روڈ سیفٹی کو ترجیح دیں۔
انہوں نے لکھا کہ وہ کئی سالوں سے ہسپتالوں اور ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر یہ کوشش کر رہی ہیں کہ کیسے پاکستان کے نوجوانوں کو ہیلمٹ پہننے اور محفوظ طریقے سے بائیک چلانے کی ترغیب دی جائے، لیکن یہ منظر ان کے دل میں خنجر کی مانند ہے۔
شنیرا اکرم کے مطابق معروف شخصیات کے پاس لاکھوں لوگوں پر اثر انداز ہونے کی طاقت ہوتی ہے، ان کا دل اس وقت ٹوٹ جاتا ہے جب اس طاقت کا غلط استعمال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ماں ہونے کے ناطے وہ چاہتی ہیں کہ ہمارے بچے جن معروف شخصیات اور انفلوئنسرز کو فالو کرتے ہیں وہ ذمہ دارانہ پوسٹ کریں اور ایسی بے وقوفانہ پوسٹ نہ کریں جس سے کئی لوگوں کی جانوں کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

شنیرا اکرم نے لکھا کہ انہیں بالکل بھی اچھا نہیں لگ رہا کہ وہ ایک ایسی فنکارہ کے بارے میں بات کر رہی ہیں جن کے انسٹاگرام پر 1 کروڑ 90 لاکھ فالوورز ہیں، لیکن اگر ان کی پوسٹ سے انہیں اپنی غلطی کا اندازہ ہو جائے تو اس سے بہتر ان کے لیے کچھ نہیں ہے۔

ان کے مطابق لوگ چاہیں تو ان سے نفرت کر سکتے ہیں، لیکن وہ یہ دیکھ کر خاموش نہیں رہ سکتیں کہ اتنے لوگ صرف شہرت کے لیے ایسے اسٹنٹ کرتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، زندگی میں اس سے بڑھ کر بھی بہت کچھ ہے۔

شنیرا اکرم نے درخواست کی کہ براہِ کرم محفوظ سواری کریں اور ہیلمٹ پہنیں، اگر اپنے لیے نہیں تو اپنے والدین اور ان افراد کے لیے جو آپ سے محبت کرتے ہیں، جن کی زندگی برباد ہو سکتی ہے اگر آپ کے ساتھ کچھ ہو گیا تو۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ان کا ہانیہ عامر کے ساتھ کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہے اور ان کا مقصد صرف یہ ہے کہ ہانیہ اپنی ذمہ داری کا ادراک کریں، سمجھیں کہ یہ رویہ غلط ہے اور ایک پوسٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو ہدایت دیں کہ وہ اس طرح کا برتاؤ نہ اپنائیں۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں انہیں کھڑے ہو کر موٹرسائیکل سواری سے لطف اندوز ہوتے اور بیک گراؤنڈ میوزک پر خوشی سے رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔











لائیو ٹی وی