فیصل خان کے ’پاگل‘ قرار دینے کے دعووں پر عامر خان نے اہل خانہ سمیت خاموشی توڑ دی
بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور ان کے خاندان کے دیگر افراد نے اپنے چھوٹے بھائی اداکار فیصل خان کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے میڈیا سے التجا کی ہے کہ وہ معاملے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے سنسنی پھیلانے سے گریز کرے۔
فیصل خان جو کہ عامر خان کے ساتھ 2000 کی مقبول فلم ’میلا‘ میں بھی کام کر چکے ہیں، انہوں نے چند دن قبل اہل خانہ پر سنگین الزامات لگائے تھے۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ عامر خان نے انہیں ’شیزوفرینیا‘ کا مریض قرار دے کر ایک سال تک گھر میں بند کردیا تھا اور ان کے کمرے کے باہر سیکیورٹی گارڈز تعینات کردیے گئے تھے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ہسپتال میں پاگلوں کے وارڈ میں داخل کراکر ان کے میڈیکل ٹیسٹس کروائے گئے تھے۔
انہوں نے اہل خانہ کے دیگر افراد پر بھی الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پورے خاندان نے انہیں ’پاگل‘ قرار دے کر گھر میں قید کردیا تھا۔
اب ان کے الزامات پر عامر خان اور ان کے خاندان کے دیگر افراد نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے فیصل خان کے الزامات کو مسترد کردیا۔
شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ ہنگامہ‘ کے مطابق عامر خان اور ان کے اہل خانہ کی جانب سے جاری کیے گئے مشترکہ بیان میں تمام افراد کے نام اور دستخط شامل ہیں۔
اہل خانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں عامر خان کی دونوں سابقہ بیویوں رینا دتا اور کرن راؤ کے نام اور دستخط بھی شامل ہیں جب کہ ان کے بھانجوں، بہنوں اور والدہ سمیت دیگر قریبی رشتے داروں کے نام اور دستخط بھی شامل ہیں۔
عامر خان اور اہل خانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ فیصل خان سے متعلق ہر فیصلہ خاندان نے مشترکہ طور پر متعدد طبی ماہرین کے مشورے سے محبت، ہمدردی اور ان کی جذباتی و نفسیاتی بہبود کے لیے کیا۔
عامر خان کے خاندان نے یہ بھی میڈیا سے اپیل کی کہ ان کے خاندان کے نجی معاملات کو عوامی سطح پر زیر بحث لانے سے گریز کیا جائے تاکہ تمام متعلقہ افراد کی عزت اور رازداری کی حفاظت برقرار رہے۔
اہل خانہ نے میڈیا سے صورتحال کو حساسیت کے ساتھ سنبھالنے اور اسے سنسنی خیز بنانے سے گریز کرنے کی مخلصانہ درخواست بھی کی۔












لائیو ٹی وی