• KHI: Sunny 29.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 24.9°C
  • ISB: Sunny 19.4°C
  • KHI: Sunny 29.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 24.9°C
  • ISB: Sunny 19.4°C

بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری، گھر خالی کرنے کا حکم

شائع August 11, 2025
فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے، گیس اور انٹرنیٹ سمیت دیگر سہولیات روکی جارہی ہیں، جبکہ 4 سے 5 پاکستانی سفارت کاروں کو گھر خالی کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو مسلسل ہراساں کیا جارہا ہے، ان کی مستقل نگرانی کی جارہی ہے اور گیس اور انٹرنیٹ کی سہولیات روکی جارہی ہیں۔

ذرائع کےمطابق نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کے پانی، دودھ، گیس اور فوڈ ڈلیوری پر بھی اپریل سے وقتاً فوقتاً پابندی جاری ہے۔

ذرائع کےمطابق چار سے پانچ پاکستانی سفارتکاروں کو اب تک گھر چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے، اور یہ حکم کنٹریکٹ کی مدت ختم ہونے سے پہلے ہی جاری کیا گیا ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے اخبارات بھی بند کردیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ جنگ کے بعد بھارت نے پاکستانی سفارتکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر انہیں 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اور اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا گیا ہے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔

بھارتی وزرات خارجہ کے مطابق پاکستانی ناظم الامور کو ہندوستانی وزارت خارجہ طلب کیا گیا اور انہیں احتجاجی مراسلہ جاری کیا گیا تھا۔

اس کے جواب میں پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے ایک عملے کے رکن کو ناپسندیدہ شخص قرار دے کر 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق حکومتِ پاکستان نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے ایک عملے کے رکن کو ناپسندیدہ شخص قرار دے دیا تھا، مذکورہ سفارتکار ایسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تھا جو سفارتی کردار، قوانین اور بین الاقوامی سفارتی آداب کے خلاف ہیں۔

حکومت پاکستان کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار کو 24 گھنٹوں کے اندر پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کردی گئی تھی۔

اس حوالے سے بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کرکے باضابطہ احتجاجی مراسلہ دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 11 فروری 2026
کارٹون : 10 فروری 2026