سیکیورٹی فورسز کا ژوب میں آپریشن، مزید 3 دہشتگرد ہلاک، 4 روز میں ہلاکتیں 50 ہوگئیں
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان کے مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، 4 روز میں مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد 50 ہوگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں 7 سے 9 اگست تک سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 47 خوارج مارے گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے 10 اور 11 اگست کی درمیانی شب بھی پاک افغان سرحدی علاقہ سمبازا میں آپریشن کیا جس میں فتنۃ الہندوستان کے 3 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 4 روز میں مجموعی طور پر 50 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں سے اسلحہ، بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک کے دفاع کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہیں، سیکیورٹی فورسز پاکستان میں امن، استحکام اور ترقی کو خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیں گی۔
صدر، وزیراعظم سمیت قومی قیادت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے سمبازہ میں خوارج کے خلاف ایک اور کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن، استحکام و ترقی کے دشمن کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
وزیر اعظم نے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسزکی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، افواج پاکستان شب و روز ارضِ وطن کو دہشت گردوں سے پاک کرنے میں مصروف عمل ہیں جس پر مجھ سمیت پوری قوم ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ژوب میں فتنۃ الہندوستان کےمزید 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں فتنہ پھیلانےمیں ملوث بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنایا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی ضلع ژوب میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے، انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے پر فورسز کی قربانیوں کوسلام پیش کرتاہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ 7 اگست سے جاری آپریشنز میں 50 خوارج ہلاک ہوئے، وزیراعلیٰ نے دراندازی کی کوشش ناکام بناکر امن قائم رکھنے پر سیکیورٹی اداروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے تحفظ پر فورسز کی بہادری قابلِ فخر ہے۔













لائیو ٹی وی