امبر خان کا نئے شادی شدہ جوڑوں کو دو سال تک بچے پیدا نہ کرنے کا مشورہ
سینئر اداکارہ امبر خان نے نئے شادی شدہ جوڑوں کو شادی کے بعد کم از کم دو سال تک بچے پیدا نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کو بہتر طریقے سے سمجھ سکیں۔
امبر خان نے حال ہی میں ’سما ٹی وی‘ کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اب جنریشن زی یا شادی شدہ جتنے بھی جوڑے ہیں، ان کو وہ یہی مشورہ دینا چاہیں گی کہ شادی کے کم از کم دو سال تک بچہ نہیں ہونا چاہیے، پہلے دونوں ایک دوسرے کی طبیعت اور مزاج کو اچھی طرح سمجھیں، پھر بچہ پیدا کرنے کے بارے میں سوچیں۔
انہوں نے بتایا کہ جس وقت ان کی طلاق ہوئی تھی، اس وقت ان کی بڑی بیٹی کچھ سمجھدار تھی لیکن چھوٹی بیٹی ناسمجھ تھی، بڑی بیٹی طلاق سے متاثر ہوئی تھی اور اس نے دوسری طرف کی باتیں سن کر کچھ غلط باتیں کہیں، جو چھوٹی بیٹی نے ان کے سامنے کہہ دیں۔
اداکارہ کے مطابق یہ سننے کے بعد انہوں نے بڑی بیٹی کو اپنے سامنے بٹھایا اور کہا کہ تم ایسا کیسے کہہ سکتی ہو۔
انہوں نے بیٹی کو بتایا کہ انہوں نے اس کے لیے وہ کچھ کیا جو اس کے باپ نے اس کے لیے نہیں کیا۔
امبر خان نے بیٹیوں سے کہا کہ تم ایک مگ مانگتی تھیں، وہ دو لا کر دیتی تھی، بیٹیوں کی ہر خواہش اور ضرورت پوری کی، اس لیے آئندہ دوسری طرف کی بات سن کر یہ بات مت کہنا۔
اداکارہ کے مطابق بغیر حقیقت کو جانے وہ انہیں غلط کیسے کہہ سکتی ہیں، ہاں، اگر وہ غلط ہوں تو وہ انہیں ٹوک سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سننے کے بعد بیٹی کے پاس کوئی جواب نہیں تھا اور پھر اسے اپنی غلطی کا احساس ہوگیا اور اس دن کے بعد سے اس نے ایسا دوبارہ نہیں کہا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا اپنی بیٹیوں کے ساتھ دوستانہ رشتہ ہے اور وہ ان کی ہر بات کو اچھے سے سنتی ہیں اور اگر انہیں لگتا ہے کہ وہ غلط ہیں تو وہ انہیں آرام سے سمجھاتی ہیں۔












لائیو ٹی وی