ارجمند رحیم نے گھر میں پیش آنے والی ڈکیتی کا حیران کن احوال بیان کردیا
سینئر اداکارہ ارجمند رحیم نے اپنے ساتھ پیش آنے والے ڈکیتی کے واقعے کی تفصیلات شیئر کردیں۔
ارجمند رحیم نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ کراچی میں ان کے گھر میں دو ڈکیتیاں ہوچکی ہیں، ایک ڈکیتی کے وقت وہ گھر میں موجود تھیں، جو رمضان میں دن کے وقت ہوئی تھی، اس وقت ان کے والد حیات تھے، وہ مارکیٹ سے خریداری کرکے آئے تھے، ڈرائیور سے غلطی یہ ہوئی کہ اس نے گھر کا دروازہ بند نہیں کیا اور گاڑی سے سامان نکالنے لگا۔
ارجمند رحیم نے کہا کہ اس دوران پیچھے سے ڈکیت آگئے اور والد کی کنپٹی پر پستول رکھ دی، وہ خود اس وقت اپنے کمرے میں سو رہی تھیں، گھر میں غیر معمولی شور سن کر ان کی آنکھ کھل گئی، جب انہوں نے کمرے کا دروازہ کھولا تو کچھ لوگ ان کے والد پر پستول تانے کھڑے تھے۔
اداکارہ کے مطابق اس وقت گھر میں صرف وہ اور ان کے والد تھے، اسی لیے والد نے ان کی وجہ سے ڈکیتوں کے سامنے ساری قیمتی درازیں اور الماریاں کھول دیں کہ سب لے جاؤ مگر بیٹی کو کچھ نہ کہنا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈکیت سب کچھ لوٹنے لگے، ابھی یہ ہو ہی رہا تھا کہ گھر کے گیراج میں موجود ایک ڈکیت نے ہماری گاڑی بھی لوٹنے کا سوچا اور اسی لیے اس نے گاڑی کا دروازہ کھولا، جس سے گاڑی کا سائرن بجنے لگا، اس سے گھر کے اندر موجود ڈکیت ڈر گئے اور وہ اکٹھا کیا گیا سارا سامان چھوڑ کر فوراً بھاگ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ڈکیت افراتفری میں سامان اکٹھا کر رہے تھے، اس لیے انہیں سمجھ میں نہیں آیا کہ سائرن کس چیز کا ہے، اسی لیے وہ ڈر کر بھاگ گئے، وہ کچھ چھوٹا موٹا سامان لے گئے لیکن قیمتی سامان چھوڑ گئے۔












لائیو ٹی وی