بھارتی فوج کی خواتین افسران کی ٹی وی پروگرام میں شرکت، مودی سرکار کو تنقید کا سامنا

شائع August 13, 2025 اپ ڈیٹ August 14, 2025
—پرومو فوٹو
—پرومو فوٹو

بھارت کی تینوں مسلح افواج، بری، بحری اور فضائیہ کی خواتین افسران کی امیتابھ بچن کے کوئز پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں شرکت پر نریندر مودی کو سخت تنقید کا سامنا ہے اور ان پر فوج کو بھی بدنام کرنے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے نئے سیزن کے جاری کیے گئے ٹیزر میں بتایا گیا کہ بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی، بھارتی فضائیہ کی ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ اور بھارتی بحریہ کی کمانڈر پرنا دیوستھلی 15 اگست کو نشر ہونے والے پروگرام میں شرکت کریں گی۔

پرومو میں تینوں خواتین افسران کو باوردی پروگرام میں دکھایا گیا، جہاں تینوں خواتین نے پاکستان کے ساتھ اپریل اور مئی میں ہونے والی کشیدگی کے دوران ’آپریشن سندور‘ سے متعلق بے بنیاد دعوے کیے۔

بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی، بھارتی فضائیہ کی ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ اور بھارتی بحریہ کی کمانڈر پرنا دیوستھلی کی ٹی وی پروگرام میں باوردی شرکت پر سوشل میڈیا صارفین بھی بھارتی حکومت پر برہم دکھائی دیے اور انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر فوج کو بھی بدنام کرنے کا الزام عائد کیا۔

پروگرام کا پرومو ٹیزر سامنے آنے کے بعد بھارت بھر میں اس پر شدید تنقید ہوئی، بہت سارے لوگوں نے سوال اٹھایا کہ حاضر سروس فوجی افسران وردی میں ایک کوئز شو میں کیوں شریک ہیں اور کیا یہ فوجی ضابطوں کے عین مطابق ہے؟

کچھ صارفین نے مودی حکومت پر فوج کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگایا اور لکھا کہ مودی نے ملک کے سب سے مشہور ٹی وی پلیٹ فارم کو سیاسی پیغام رسانی کا ذریعہ بنا دیا۔

کچھ صارفین نے لکھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ’بی جے پی‘ کی زیر قیادت حکومت نے اس ملک کی ہر اس چیز کو تباہ کر دیا جس پر بھارتیوں کو واقعی فخر تھا۔

کچھ افراد نے فوجی افسران کی پروگرام میں شرکت کو’انتہائی شرمناک’ قرار دیا، کچھ نے اسے خواتین کی آڑ میں محض نمائشی ترقی پسندی بھی قرار دیا۔

کچھ لوگوں نے نشاندہی کی کہ ان خواتین کا آپریشن سے براہ راست کوئی تعلق نہیں تھا، انہوں نے صرف افسران کی جانب سے دیے گئے نوٹسز میڈیا کے سامنے پڑھے تھے، سوشل میڈیا صارفین نے مودی حکومت پر ’خیالی فتوحات‘ کو 90 دن بعد فروخت کرنے کا الزام بھی لگایا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025