امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات ’بہت مفید‘ رہی، ولادیمیر پیوٹن
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ان کی امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات ’بہت مفید‘ رہی اور زیادہ تر یوکرین کے تنازع پر بات کی، لیکن ’دونوں ممالک کے باہمی تعاون کے تمام شعبوں‘ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ نے کریملین کی جانب سے جاری رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ ولادیمیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ دورہ بروقت اور بہت مفید تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے تقریباً تمام شعبوں میں بات چیت کی، لیکن سب سے پہلے اور سب سے اہم یوکرینی بحران کے ممکنہ حل کے بارے میں بات کی، جو ایک منصفانہ بنیاد پر ہو، اور یقینا ہمارے پاس یہ موقع تھا، جو ہم نے استعمال کیا، کہ ہم اس بحران کی جڑوں اور اس کے اسباب کے بارے میں بات کریں۔
ولادیمیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ میں ایک بار پھر دہراتا ہوں کہ ہمیں اس موقع پر پرسکون طریقے سے اور تفصیل سے اپنی پوزیشن کو دوبارہ بیان کرنے کا موقع ملا، ہم امریکی انتظامیہ کی پوزیشن کا احترام کرتے ہیں، جو فوجی کارروائی کے جلد خاتمے کی ضرورت دیکھتی ہے، ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ تمام مسائل کو پرامن طریقے سے حل کیا جائے۔
روسی صدر نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ گفتگو بہت صاف، معلوماتی اور میرے خیال میں یہ ہمیں صحیح فیصلوں کے قریب لے آئی ہے۔
ولادیمیر پیوٹن روسی سرزمین پر واپس آ گئے ہیں اور انہوں نے اپنے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے نتائج پر اعلیٰ حکام کو بریفنگ دی۔
کریملن نے ٹیلیگرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ صدراتی ایگزیکٹو آفس، حکومت، اسٹیٹ ڈوما، وزارتوں اور ایجنسیوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے روسی رہنما کے ساتھ اس ملاقات میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پوٹن نے اپنی اہم ملاقات میں یوکرین کے معاملے پر کوئی پیش رفت نہیں کی تھی، دونوں رہنماؤں نے چند نکات پر اتفاق اور دوستانہ تعلقات کو دوبارہ قائم کرنے کی بات کی تھی، لیکن جنگ بندی کے حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق 3 گھنٹے تک معاونین کے ساتھ بات چیت کے اچانک خاتمے کے بعد ٹرمپ اور پیوٹن نے گرم جوش کلمات کہے تھے، لیکن صحافیوں کے سوالات نہیں لیے تھے، جو کہ میڈیا کے شوقین امریکی صدر کے لیے غیر معمولی بات ہے۔
ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہم ابھی وہاں تک نہیں پہنچے، لیکن ہم نے پیش رفت کی ہے، جب تک مکمل معاہدہ نہ ہو، کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے، انہوں نے اس ملاقات کو ’انتہائی نتیجہ خیز‘ قرار دیا اور کہا کہ کئی نکات پر اتفاق ہو گیا ہے، لیکن کوئی تفصیل نہیں بتائی۔












لائیو ٹی وی