سابق سری لنکن صدر کرپشن الزمات پر جیل بھیجے جانے کے اگلے ہی روز ہسپتال منتقل
سری لنکا کے سابق صدر رانیل وکرما سنگھے کو حکومتی فنڈز کو غیر ملکی سفر پر استعمال کرنے کے الزام میں حراست میں لینے کے ایک دن بعد ہی سرکاری ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق کولمبو نیشنل ہسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نے اے ایف پی کو بتایا کہ رانیل وکرما سنگھے شدید پانی کی کمی کا شکار تھے اور انہیں نگرانی کی ضرورت تھی۔
رکشن بیلانا نے کہا کہ سابق صدر کو سنگین پیچیدگیوں سے بچانے کے لیے علاج کی ضرورت تھی، انہیں جب جیل لایا گیا تو وہ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے اور انہیں ہائی بلڈ پریشر بھی تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وکرما سنگھے کی حالت اب ‘مستحکم‘ ہے۔
ترجمان جیل کے مطابق سابق صدر کی حالت بگڑ گئی تھی اور جیل کا طبی مرکز انہیں علاج فراہم کرنے کے قابل نہیں تھا، جس پر انہیں سری لنکا کے مرکزی سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اپوزیشن کے ارکانِ اسمبلی نے 76 سالہ وکرما سنگھے سے جیل میں ملاقات کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹھیک دکھائی دے رہے تھے۔
اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ سابق صدر کو اس خوف سے جیل میں ڈالا ہے کہ وہ دوبارہ اقتدار میں نہ آ جائیں۔












لائیو ٹی وی