ہنگو: ایف سی قلعہ پر حملے میں 3 اہلکار شہید، 18 زخمی، جوابی کارروائی میں 5 خوارج ہلاک

شائع August 25, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے دوآبہ میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے قلعہ پر فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے میں فیڈرل ریزرو پولیس کے 3 جوان شہید اور 18 زخمی ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں سہولت کار سمیت 5 خوارج ہلاک ہوگئے۔

ڈی پی او ہنگو کے مطابق فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے ایف سی قلعہ کو نشانہ بنایا، واقعے میں فیڈرل ریزرو پولیس کے 3 جوان شہید اور 18 زخمی ہوگئے۔

ڈی پی او کے مطابق خارجیوں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی میں سہولت کار سمیت 5 خارجی ہلاک ہوگئے، انہوں نے بتایا کہ سہولت کار دہشت گردوں کے ساتھ ملا ہوا تھا، جبکہ طوری وڑی میں پولیس اور ایف سی کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنۃ الخوارج کے حملے میں شہید فیڈرل ریزرو پولیس کے 3 جوانوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ بہادرجوانوں نے جان دے کر بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا، شہید جوانوں کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025