• KHI: Clear 18.7°C
  • LHR: Cloudy 11.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.8°C
  • KHI: Clear 18.7°C
  • LHR: Cloudy 11.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.8°C

فیکٹ چیک: عمران خان کی داڑھی والی وائرل ویڈیو جعلی ہے

شائع August 26, 2025
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے حامیوں کی جانب سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو شیئر کی جا رہی ہے، جس میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو داڑھی کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔

آئی ویریفائی پاکستان کی ٹیم نے جانچ پڑتال کے بعد یہ واضح کیا کہ یہ ویڈیو جعلی (ایڈٹ شدہ) ہے۔

عمران خان اگست 2023 سے جاری قانونی کارروائیوں کے باعث دو سال سے زائد عرصے سے قید ہیں، اگرچہ انہیں کئی مقدمات میں بری بھی کیا گیا اور سزائیں بھی معطل ہوئیں۔

جنوری 2025 میں انہیں القادر یونیورسٹی پروجیکٹ ٹرسٹ سے منسلک کرپشن کیس میں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

دعویٰ

23 اگست کو، ایک ٹک ٹاک صارف، جو اپنے ماضی کے پوسٹس کی بنیاد پر پی ٹی آئی کا حامی لگتا ہے، نے عمران خان کی داڑھی والی ویڈیو شیئر کی، اس صارف نے یہ نہیں بتایا کہ ویڈیو کب اور کہاں ریکارڈ کی گئی۔

ویڈیو کو 2 کروڑ 13 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا اور 23 لاکھ سے زیادہ لائکس ملے، یہی ویڈیو دیگر پی ٹی آئی حامیوں نے بھی ٹک ٹاک پر یہاں اور یہاں شیئر کی، جہاں اسے بالترتیب 41 لاکھ اور 22 لاکھ ویوز ملے۔

دیگر صارفین نے بھی یہی کلپ مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کیا، جو یہاں، یہاں، یہاں، یہاں، یہاں اور یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ عمران خان کی داڑھی والی ایک تصویر بھی بڑے پیمانے پر شیئر ہوئی، جس کی مثالیں یہاں اور یہاں دستیاب ہیں۔

فیکٹ چیک

ویڈیو کے وائرل ہونے اور عوامی دلچسپی کے باعث اس دعوے کی حقیقت جانچنے کے لیے فیکٹ چیک شروع کیا گیا۔

ریورس امیج سرچ کے نتیجے میں ایک پوسٹ سامنے آئی جو پی ٹی آئی کے آفیشل **ایکس**اکاؤنٹ پر 23 مئی 2023 کو شیئر کی گئی تھی۔

پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان آج انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی)، اسلام آباد میں’

اس تصویر میں عمران خان کلین شیو ہیں، سفید شلوار قمیض اور نیلے رنگ کا ویسٹ کوٹ پہنے ہوئے ہیں، جو کہ وائرل ویڈیو میں ان کے لباس سے بالکل مطابقت رکھتا ہے۔ تصویر میں نظر آنے والے پولیس اہلکار، ایک داڑھی والا اور ایک کلین شیو ، بھی ویڈیو میں دکھائے گئے اہلکاروں سے مماثلت رکھتے ہیں۔

مذکورہ تاریخ کے اردگرد خبر تلاش کرنے پر جیو نیوز کی ایک رپورٹ ملی جس کا عنوان تھا کہ ’نیب کی عمران خان سے 190 ملین پاؤنڈ سیٹلمنٹ کیس میں پوچھ گچھ۔‘

رپورٹ کے مطابق عمران خان کو اس روز آٹھ مقدمات میں ضمانت ملی، جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ سیٹلمنٹ کیس میں ضمانت ملی۔

بعد ازاں، اسی دن نیب نے القادر ٹرسٹ اور ایک پراپرٹی ٹائیکون کے ساتھ سیٹلمنٹ کے حوالے سے ان سے ریکارڈ اور دستاویزات طلب کیں، عمران خان نے کسی بھی بدعنوانی سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ فنڈز سپریم کورٹ کے پاس ہیں اور کوئی ذاتی فائدہ نہیں لیا گیا۔

پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی یہی تصویر جیو نیوز کی رپورٹ میں بھی شامل تھی، جس سے اس کی درستگی مزید ثابت ہوئی۔

نتیجہ : گمراہ کُن

لہٰذا، فیکٹ چیک سے یہ واضح ہوا کہ وائرل ویڈیو میں عمران خان کو داڑھی کے ساتھ دکھانے کا دعویٰ غلط ہے، ویڈیو ایڈٹ شدہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025