دیر بالا: سی ٹی ڈی کا فتنہ الخوارج کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن، 9 دہشتگرد ہلاک

شائع August 26, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

دیر بالا کے مختلف علاقوں میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے فتنہ الخوارج کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا ہے، اس دوران 9 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

ڈی پی او دیر بالا سید محمد بلال کی قیادت میں دیر پولیس اور سی ٹی ڈی کا فتنہ الخوارج کے خلاف جراتمندانہ ٹارگٹڈ آپریشن گزشتہ 3 دن سے جاری ہے۔

تھانہ دیر سٹی کی حدود میں دوبندو، بیکارے، سلام کوٹ، ہاتن درہ اور ملحقہ علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئیں، جن میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے عناصر کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔

آپریشن کے دوران دیر بالا پولیس کے ساتھ البرق کمانڈوز، ایلیٹ فورس، آر آر ایف یونٹ، سی ٹی ڈی، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ڈی ایس بی اسٹاف نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ حصہ لیا۔

جدید ہتھیاروں، اے پی سیز، تھرمل آلات اور ڈرون کیمروں کے ذریعے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔

آپریشن کے دوران پہلے روز 5 دہشتگردوں کو ہلاک اور 2 کی لاشیں برآمد کی گئیں، جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کے 7 جوان زخمی اور 2 مقامی شہری شہید ہوئے تھے۔

3 دن سے جاری آپریشن میں اب تک 9 فتنہ الخوارج کے دہشتگرد ہلاک کیے گئے اس دوران 5 دہشتگردوں کی لاشیں بھی برآمد کی گئیں، جن میں مقامی کمانڈر ساجد کی لاش بھی شامل ہے۔

دورانِ آپریشن فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی فائرنگ سے اب تک 2 شہری شہید اور 10 پولیس جوان زخمی ہو چکے ہیں۔

ڈی پی او دیر بالا سید محمد بلال نے کہا کہ اس جراتمندانہ آپریشن سے نہ صرف دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا گیا بلکہ یہ دیرپا امن کے قیام کی جانب بھی ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دیر پولیس دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے پرعزم ہے، فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025