بنوں: فتنۃ الخوارج نے گھر پر حملہ کرکے پولیس کانسٹیبل کو شہید کردیا

شائع August 27, 2025
رات گئے فتنۃ الخوارج کے 25 سے 30 دہشت گردوں نے کانسٹیبل رافید اللہ کے گھر پر دھاوا بولا — فوٹو: عمر باچا
رات گئے فتنۃ الخوارج کے 25 سے 30 دہشت گردوں نے کانسٹیبل رافید اللہ کے گھر پر دھاوا بولا — فوٹو: عمر باچا

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے گھر پر حملہ کرکے پولیس کانسٹیبل کو شہید کردیا۔

ترجمان ریجنل پولیس افسر (آر پی او) کے مطابق رات گئے فتنۃ الخوارج کے 25 سے 30 دہشت گردوں نے کانسٹیبل رافید اللہ کے گھر پر دھاوا بولا، اس موقع پر کانسٹیبل رافید اللہ نے ہتھیار ڈالنے کے بجائے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور لڑتے لڑتے شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہو گئے۔

پولیس نے فوری طور پر ڈی پی او بنوں سلیم عباس کولاچی کی قیادت میں علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا۔

دریں اثنا، شہید کانسٹیبل رافید اللہ کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، افسران بالا نے شہید کے تابوت پر پھول چڑھائے اور ان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

نماز جنازہ میں ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان، ایس پی سی ٹی ڈی فضل واحد، ایس پی سٹی توحید خان، ایس پی انویسٹی گیشن ساجد ممتاز سمیت دیگر پولیس افسران و اہلکاران اور شہید کے لواحقین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے کہا کہ شہید رافید اللہ ہمارا قیمتی اثاثہ تھے، جنہوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جان قربان کی، انہوں نے دہشت گردوں کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بجائے لڑتے لڑتے جامِ شہادت نوش کیا، ہمیں ان کی قربانی پر فخر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025